پیر، 10 ستمبر، 2012

المغراف فی تفسیر سورۂ ق 4

جریدہ "الواقۃ" کراچی شمارہ ٤، رمضان المبارک 1433ھ/ جولائی، اگست 2012

مولانا شاہ عین الحق پھلواروی رحمہ اللہ

تسہیل و حواشی :محمد تنزیل الصدیقی الحسینی

قسط نمبر ٤ 

اور رسول اللہۖ نے فرمایا :
 '' ما شی اثقل من میزان المؤمن یوم القیٰمة من خلق حسن و انّ اللّٰہ لیبغض الفاحش البذی ۔''رواہ الترمذی (١) عن أبی الدرداء رفعاً '' یعنی
'' مسلمان کے ترازو میں قیامت کے دن عمدہ اخلاق سے زیادہ بھاری کچھ نہ ہوگا اور اللہ تعالیٰ نفرت رکھتا ہے بدکار کج خلق سے ۔'' اس کو ترمذی نے ابی درداء سے ]مرفوعاً[روایت کیا ہے ۔
( چہارم ) آفتاب بھی من جملہ ستاروں کے ایک ستارہ ہے ، مگر جس قدر روشنی ، حرارت ، منفعت اور تأ ثر آفتاب میں ہے دوسرے ستاروں میں ہر گز نہیں ، بلکہ سب کے سب اس کے آگے ہیچ اور کالعدم ہیں ، اور جو کچھ بھی رکھتے ہیں ، تو آفتاب ہی کی بدولت ۔ اسی طرح سے زمین میں ہزاروں انسان ہیں اور ہر انسان بجائے خود زمین کی زینت ہے مگر انبیاء اور خاص کر ان میں سے ہمارے پیغمبر ۖ مثلِ آفتاب کے ہیں ، اور انہیں کی ضیاء و نور سے سب روشنی حاصل کرتے ہیں ، اور سارے انسان اور ان کے کمالات آپ ۖ کے سامنے اور آپ ۖ کے کمالات کے سامنے منعدم] ناپید ، غیر موجود[اور نیست ]فنا و نابود[ ہیں ۔

( پنجم ) آسمان میں دن کو ایک خاص رنگ و روپ ہوتا ہے ،جو شام کے آنے سے متغیر ہونے لگتا ہے ۔ یہاں تک کہ جب پوری شب ہوجاتی ہے ، دن کے سارے سامان درہم برہم ہوجاتے ہیں اور ایک نئے سامان اور خاص طور سے آسمان میں ایک مجلس ستاروں سے ترتیب دی جاتی ہے ۔ پھر یہ حالت صبح کے آنے سے بدلنے لگتی ہے ۔ یہاں تک کہ جب اچھی طرح سے دن ہوجاتا ہے ، کل کی سما بعینہ عود ]لوٹ[ کر آتی ہے ، جس میں گزشتہ دن سے سرمو فرق نہیں ہوتا پھر رفتہ رفتہ شب ہوتی ہے ، اور گزشتہ شب کی پوری حالت عود کر آتی ہے ۔ ان انقلابات روز مرہ اور اعادئہ معدومات ]گزر جانے والے امر کو لوٹانا[ کو جو اللہ بڑی آسانی کے ساتھ کرتا ہے ، وہ اعادئہ روح اور احیائے موتیٰ پر قادر ہے اور اس کے آگے

(ذٰلِکَ رَجْع بَعِیْد) (٢) ] سورہ ق: ٣
کہنا خود جائے تعجب اور بعید ہے ۔

( ششم ) شب کو آسمان میں ہزاروں ستارے نظر آتے ہیں ، اور ہر ستارہ اپنی اپنی جگہ پر آسمان کی رونق و زینت ہے اور نور و ضیا میں کامل ہونے کی وجہ سے گویا  انا المضیُّ انا النّور و انا زینة الافلاک (٣) کا دم بھرتا ہے ۔ ان کے اختلاف سمت و قد و قامت و لون ]رنگ[ و ہئیت گھنے اور بکھرے ہونے کو غور سے دیکھے تو عجیب دلکش نظارہ معلوم ہوتا ہے ۔ ارباب ہیئت آلات رصد کے ذریعہ سے عجائبات سماوی کو بچشم سر خود دیکھتے ہیں اور صنعت کردگار کی داد دیتے ہیں ، مگر صبح ہوتے ہی آفتاب نکلتا ہے اور سارے ستارے اپنی اپنی جگہ سے غائب ہوجاتے ہیں ، اور سارا بساطِ شب الٹ جاتا ہے ۔ تمام آسمان میں صرف ایک آفتاب ہی کی روشنی نظر آتی ہے اور شب کے مدعیانِ نور و ضیا سے گویا بہ زبانِ حال پوچھتا ہے  این القمر و ضیاؤہ ، این عطارد و این مریخ و این الشھب الثواقب لمن النّور الیوم غیری  (٤) مگر کوئی نہیں جو دم مارے ۔

علیٰ ہذا المثال بروزِ حشر جناب باری تعالیٰ زمین پر رونق افروز ہوگا ، اور ساری جمعیت اور ملک و ملک کا خاتمہ ہوجائے گا ، اور صرف ایک ذات پاک باری میں منحصر رہے گا ، اس وقت فرمائے گا :
 (  لِّمَنِ الْمُلْکُ الْیَوْمَ لِلّٰہِ الْوَاحِدِ الْقَہَّارِ ) (٥)   ] سورہ غافر: ١٦[
 أین الملوک الارض ۔(٦) غرض آسمان کی مجموعی حالت ذاتی و صفاتی یعنی وجود و ارتفاع و زینت و وسعت دیکھو تو خداوندِ تعالیٰ کے کمالِ قدرت و غایت صنّاعی و تدبیر و حکمت کی دلیل ہے اور ہر ایک کو علیحدہ علیحدہ غور کرو تو ہر ایک بالاستقلال دلیل ہے
( وَ الْأَرْضَ مَدَدْنَاہَا )  '' اور میں نے زمین کو پھیلایا ''
جس کی فراخی و وسعت کی وجہ سے اب تک اس کی انتہائی حدود کا ٹھیک اندازہ نہیں ملا ۔

حواشی
(١)        سنن الترمذی : کتاب البر و الصلة ، باب حسن الخلق ۔امام ترمذی نے اس حدیث کو حسن صحیح قرار دیا ہے ۔ شیخ البانی کے مطابق یہ حدیث صحیح ہے ۔
(٢)         '' پھر یہ دوبارہ واپسی ناممکن ہے ۔ ''کفار نے بعید کا لفظ اپنی دانست میں ناممکن کے معنوں میں استعمال کیا تھا ۔
(٣)         ہم چمکا دینے والے ہیں ، ہم روشنی ہیں اور ہم آسمان کی زینت ہیں ۔ ( مؤلف )
(٤)         کہاں ہے چاند اور اس کی روشنی ، کہاں ہے عطارد ، کہاں ہے مریخ اور کہاں ہیں شہاب ثاقب جن کے لیے روشنی ہے ، جو آج موجود نہیں ۔
(٥)         '' کس کے لیے ہے آج کے دن کی بادشاہی ، صرف اللہ غالب کے لیے ۔''
(٦)         کہاں ہیں زمین کے بادشاہ ۔

[جاري ہے۔۔۔۔۔]
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ" کراچی کے شمارہ، رمضان المبارک 1433ھ/ جولائی، اگست 2012- سے ماخوذ ہے۔ 
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ" کراچی کے پہلے شمارہ، - جمادی الثانی 1433ھ / اپریل، مئی 2012- سے قسط وار شائع ہو رہا ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنی رائے دیجئے