پیر، 10 ستمبر، 2012

تصوف میں غیر اسلامی ادیان کی آمیزش ٣

جریدہ "الواقۃ" کراچی شمارہ ٤، رمضان المبارک 1433ھ/ جولائی، اگست 2012  

محمد عالمگیر 

مترجم : ابو عمار محمد سلیم

اسلام کی تکمیل قطعی ہے

اوپر درج شدہ آخری جملہ حضور نبی کریم خاتم المرتبت ۖ کے نبی آخر ہونے اور قرآن کے اس اعلان پر بڑی شدید ضرب پڑتی ہے:
'' آج کافر لوگ تمہارے دین ( کے مغلوب ہونے) سے نا امید ہو گئے ہیں، لہٰذا ان سے مت ڈرو، اور میرا ڈر دل میں رکھو۔ آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا، تم پر اپنی نعمت پوری کردی اور تمہارے لیے اسلام کو دین کے طور پر (ہمیشہ کے لیے) پسند کر لیا ( لہذٰا اس دین کے احکامات کی پوری پابندی کرو) ۔'' سورة مائدہ  (٣:٥)۔
اس حقانی دعوے کے بعد یہ بھی ایک عجیب بات ہوئی کہ لوگوں نے اللہ کے دئے ہوئے نام اسلام کو بھی تبدیل کرلیا۔ یہ بات کیسے قابل قبول ہو اگر یہ کہا جائے کہ جنہوں نے ایسا کیا انہوں نے کوئی ایسا غلط کام بھی نہیں کیا۔ اور یہ بھی صحیح ہے کہ ان کے عقائد اور اعمال کسی طور بھی اسلامی عقائد اورنظریات کے قریب بھی نہیں پھٹکتے۔ اللہ نے ان کا نام ہندو ، بدھ ، عیسائی اور یہودی نہیں رکھا ہے۔ بلکہ اللہ تو یہ کہتا ہے کہ:
'' اُس نے پہلے بھی تمہارا نام مسلم رکھا تھا، اور اِس ( قرآن ) میں بھی، تاکہ یہ رسول تمہارے لیے گواہ بنیں، اور تم نوع انسان کے لیے گواہ بنو۔'' سورة الحج ( ٧٨:٢٢ )۔
بے شک ہم اس بات کے گواہ ہیں کہ نوع انسان نے اسلام قبول کرنے سے ا نکار کیا، مگرجس کی عبادت وہ خود کرتے ہیں اسی کا دیا ہو ا دین کامل اختیار کرنے سے منکر ہیں۔ بلکہ وہ تو مسلم نام سے ہی چڑتے ہیں اور مسلمانوں کو برداشت ہی نہیں کر سکتے۔ اللہ باری تعالیٰ سیدنا حضرت ابراہیم علیہ اسلام کے بارے میں کہتا ہے:
 '' اور ابراہیم نہ یہودی تھے، نہ نصرانی، بلکہ وہ تو سیدھے سیدھے مسلمان تھے اور شرک کرنے والوں میں کبھی شامل نہیں ہوئے۔'' سورة  آل عمران ( ٦٧:٣) ۔
اور دیگر تمام انبیاء و رسل بھی ایسے ہی تھے۔ انہوں نے بھی اسلام سکھا یا اور وہ خود بھی مسلم تھے ۔ مگر اسلام کے متعلق ان بزرگوں کے نظریہ کو بھی تبدیل کردیا گیا اور نام کو بھی۔  اس لیے اسلام کو وہ آخری پیغام ہی قابل قبول ہے جو بغیر تبدیلی و تحریف کے ہے اور جس کے لیے اللہ نے فرمایا:
'' بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔ اور اہل  کتاب نے اپنے  پاس علم آجانے کے بعد آپس کی سرکشی اور حسد کی بنا پر ہی اختلاف کیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی آیتوں کے ساتھ جو بھی کفر کرے اللہ تعالیٰ اس کا جلد حساب لینے والا ہے۔'' سورة آل عمران ( ١٩:٣)۔

چند عام تنقید

اوپر دئے گئے بیان کو پڑھ کر وہ لوگ جو ان صوفیا کے طریقوں کے حامی ہیں شائد کچھ کبیدہ خاطر ہوں اور یہ کہیں کہ لازمی نہیں ہے کہ یہ باتیں صحیح ہوں۔ ان کی یہ سوچ ان کو مابعدالطبیعیات کے دلدل میں کچھ اور اندر دھنسا دے گی۔  اور وہ یہ سمجھتے رہیں گے کہ صرف وہ لوگ ہی صحیح ہیں اور چیزوں کو درست طریقہ سے سمجھ رہے ہیں۔ ان کی یہ ناسمجھی ،  کم علمی اور کم فہمی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے وہ یقیناً اپنے آپ کو راسخون فی العلم  اور  اولی الالباب   سمجھتے رہیں گے۔ اپنے آپ کو روحانی علوم کے بڑے ماہرین میں گردانیں گے گو یا کہ انہیںمتشابہات کا علم حاصل ہو گیا ہے۔  حقیقت تو یہ ہے کہ اس ضمن میں جو کچھ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے وہ انہوں نے سمجھا ہی نہیں:
 ''اب جن لوگوں کے دل میں ٹیڑھ ہے وہ ان متشابہ آیتوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں تاکہ فتنہ پیدا کریں اور ان آیات کی تاویلات  تلاش کریں۔'' سورة آل عمران (٧:٣)۔ 
کچھ لوگ یہ الزام لگائیں گے کہ یہ بیان کچھ زیادہ ہی عقلیت پسندانہ ہے۔  بے شک یہ درست ہے، اس لیے کہ وحی کی روشنی میں جو عقلیت ہو وہ انتہائی پسندیدہ ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ حق اپنی نشانیوں سمیت جب نازل ہو جائے، تو پھر عقل اور سمجھ کے زور پر حقیقت کو حاصل کر لینا بعید نہیں ہے۔ قرآن مجید نے  تدبر اور سوچ و بچار کے الفاظ تو کئی مرتبہ استعمال کیے ہیں،  مثلاً:
 '' بھلا کیا یہ لوگ قرآن پر غور نہیں کر تے، یا ان کے دلوں پر تالے پڑے ہوئے ہیں ؟'' سورة محمد (٢٤:٤٧)۔
 پھر  دیکھئے لفظ تفکّر کو:
'' اسی طرح اللہ تمہارے لیے اپنی آیتیں کھول کھول کر بیان کرتا ہے تاکہ تم غور کرو۔''سورة البقرہ  (٢٦٦:٢)۔
اور پھر لفظ عقل کو ٤٩ طریقے سے استعمال کیا گیا ہے، مثلاً:
'' اور حقیقت یہ ہے کہ شیطان نے تم میں سے ایک بڑی خلقت کو گمراہ کر ڈالا۔ تو کیا تم سمجھتے نہیں؟ '' سورة یٰسین  (٦٢: ٣٦)۔
مختصراً یہ کہ وحی اور الہام کے دائرہ کے اندر رہتے ہوئے سو چ و بچار اور وضاحت کا عمل اللہ سبحانہ' و تعالیٰ کی عطا کردہ ایک نعمت ہے، اور اسی کو استعمال کرتے ہوئے حق کو سمجھنا اور جاننا چاہئے۔ اور یہ سفر اوپر سے نیچے کی جانب ہوتا ہے جس میں سب سے اوپر وحی ہے اور اس کی ہدایت کی روشنی میں نیچے آتے ہوئے تمام جزئیات اپنی انتہائی تفصیل میں درست اور مکمل طور سے واضح ہو جاتی ہیں۔ اس کے بالمقابل clecticism, syncretism اور اس سے بھی آگے بڑھ کر شیخ عبدالواحد کاsynthetic unity کا نظریہ بھی اسی غور و خوض کا نتیجہ ہے، جو مابعدالطبیعیات کے دائرہ اثر کی پیداوار ہے اور اسی لیے کبھی بھی وحی کی سچایئوں تک نہیں پہنچتا ہے۔ مابعدالطبیعیات کے زیر اثر سوچ و بچار کا سفر نیچے سے اوپر کی جانب ہوتا ہے جو دشوار بھی ہے اور اس میں چوٹی ہمیشہ بادلوں سے ڈھکی رہتی ہے۔ اس لیے گم ہو جانے کا خطرہ ہوتاہے۔ اسی لیے اس راستہ کے تمام مسافر ایسی کوڑی لائے ہیں جو دوسروں سے سراسر ممیز ہوتی ہیں۔ما بعدالطبیعیات کے تمام پیرو کار اس بات کا اظہار کیے بغیر یہ یقین رکھتے ہیں کہ اللہ کے دل میں جو کچھ بھی ہے وہ انہیں معلوم ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ کے دل میں جو کچھ بھی ہے اس کا علم صرف اللہ ہی کو ہے۔ اور جب تک اللہ جل شانہ'  خود آشکارہ نہ کر دیں کہ ان کی مرضی کیا ہے اور وہ کیا چاہتے ہیں کسی کے بھی بس میں یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ جان لے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کیا سوچ رہے ہیں یا کیا چاہ رہے ہیں۔
 یہ خیال ذہن میں پیدا ہوتا ہے کہ آخر ان تمام صوفی مشائخ اور علماء نے syncretism کی راہ کیوں اختیار کی۔ کیا یہ ممکن ہے کہ ان لوگوں کا سفر چونکہ عیسائیت، بدھ ازم اور خاص طور پہ ویدک ہندو ازم وغیرہ سے ہو کر گزرا تو انہوں نے ان تمام مراحل سے گزرتے ہوئے جو مواد اکٹھا کیا وہ آخر میں آکر رد کر دینے کی بجائے اس سے پیچھا نہ چھڑاسکے،  اور اسے سمیٹ کر رکھ لیا۔ تو کیا قصہ یہی ہے یا جو نظر آرہا ہے اس کے آڑ میں کچھ اور ہے؟ اس لیے کہ ان لوگوں کی سوانح عمری کا جائزہ لیا جائے تو نظر آتا ہے کہ یہ لوگ ان خفیہ تنظیموں  مثلاً قاہرہ، لندن ، پیرس کے فری میسن لاج وغیرہ سے منسلک رہے ہیں، جو یقیناً باطل افکار سے بھری پڑی ہیں۔ اس بات کا حتمی فیصلہ تو نہیں ہوسکتا مگر ضروری ہے کہ محتاط رہا جائے اور اس ضمن میں مزید شواہد تلاش کیے جائیں۔ اور بالفرض یہ درست ثابت ہو بھی جائے تو ایک راسخ العقیدہ مسلمان پر اس کا کوئی اثر نہیں ہونا چاہئے۔ اور اگر ان لاجز کی طرف سے کوئی ایسی خفیہ تحریک ہورہی ہے جو مسلمان نوجوانوں کو ایک ایسی معاشرتی زندگی کی طرف لے جا رہی ہے جو اطاعت شعاری اور میل جول سے دور کر رہی ہے ، تو اللہ خالق کائنات کا یہ انتباہ یاد رکھنا چاہئے :
'' یہ لوگ یہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو اپنے منہ کی پھونکوں سے بجھا دیں، حالانکہ اللہ کو اپنے نور کی تکمیل کے علاوہ ہر بات نا منظور ہے، چاہے کافروں کو یہ بات کتنی ہی بری لگے۔''سورة توبہ ( ٣٢:٩) اور سورة صف  (٨:٦١)۔

مریمیہ طریقہ

مختلف دینی افکار کو یکجا کرنے والوں کا طریقہ کار ان کے اس امتیازی نشان  یا مریم علیک ِالسلام میں بھی ملتا ہے۔ یہ نعرہ مصر کے ایک قِبطی حمد سے ماخوذ ہے، اور ایک ایسے خوش نویسی (calligraphy) میں لکھا جاتا ہے جو پڑھنے میں بہت دشوار ہو۔ یہ نشان شیخ ابو بکر سراج الدین کے پیروکارفریم کرا کے دیواروں پر لٹکاتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیدنا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ ماجدہ  حضرت مریم علیہا السلام کا تذکرہ قرآن مجید جس انتہائی احترام سے کرتا ہے اسی احترام سے وہ دیگر رسولوں اور پیغمبروں کا ذکر بھی کرتا ہے ۔ حالانکہ حضرت مریم علیہا السلام نہ تو پیغمبروں میں سے تھیں اور نہ ہی مبلغ یا استانی۔ اس میں بھی اشتباہ ہے کہ ماضی میں کوئی بھی سلسلہ طریقت کسی پیغمبر کے نام نامی سے منسوب ہوا ہو۔ عموما ًصوفیائے کرام نے سلسلوں کا نام ان مشائخ کے نام پر رکھا ہے جنہوں نے وہ سلسلہ شروع کیا اور ابتدا کی۔ شیخ عیسیٰ نور الدین احمد نے   ١٩٦٥ء میں یہ دعویٰ کیا کہ مراکش اور فرانس کے پورٹ وِنڈِرِس کے درمیان کشتی کے ایک سفر کے دوران رحمت الٰہی نے ان کے اوپر خصوصی طور پر ایک نسوانی شکل میں غلبہ کیا اور ان کو یہ ادراک حاصل ہوا کہ وہ نسوانی حیثیت حضرت مریم علیہا السلام کی تھی۔ بعد میں شیخ نے حضرت مریم کے اس طرح ظاہر ہونے سے یہ مطلب اخذ کیا کہ انہیں آسمانوں کے عالم بالا میں قبول کر لیا گیاہے۔ اور پھر انہوں نے لفظ مریمیہ اپنے طریقہ کے نام کے ساتھ شامل کرلیا تاکہ اس کو شمالی افریقہ کے عَلوی طریقت سے ممتاز کیا جا سکے۔

اس طریقت کے لوگوں کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ حضرت مریم علیہا السلام ان کی Patron Saint یعنی مربی اور سرپرست ولیہ ہیں۔ عیسائیت میں  Patron Saint  ایک ایسی ہستی ہوتی ہے جس کی حفاظت میں کسی شخص، یا جگہ ،  یا معاشرہ، یا کوئی چرچ مختص کردیا جاتا ہے۔ ایسا کرتے ہوئے اس بات کو مد نظر رکھا جاتا ہے کہ اس شخص کے ساتھ کسی قسم کا تعلق ضروررہاہو۔ چوتھی صدی عیسوی تک ایسا ہو تا تھا کہ کسی ایک شہید کو کسی جگہ کا متولی یا Saint مقرر کر دیا جاتا تھا جو اس جگہ سے کسی قسم کا تعلق رکھتا تھا۔ تجارت اور پیشے میں بھی مربی اور سرپرست مقرر کیے جاتے تھے۔ اور ہر بیماری کے لیے بھی ایک خاص Saint  کو مدد کے لیے پکارا جاتا تھا، تاکہ وہ اس بیماری سے نجات دلا دے۔ مثلاً Saint Patrick  کو آئر لینڈ کا مربی مانا جاتا ہے اس لیے کہ اسی نے وہاں عیسائیت کی پرچار کی تھی۔ اس کے علاوہ اور بھی دیگر مشہور مربیوں میں اسکاٹ لینڈ کے سینٹ انڈرو، فرانس کے سینٹ ڈینس، انگلستان کے سینٹ جارج، روس کے سینٹ نکولس، ہنگری کے سینٹ اسٹیفین وغیرہ ہیں۔ اب کوئی بھی سمجھ سکتا ہے کہ حضرت مریم علیہا السلام کیوں اس طریقہ کی مربی یا سینٹ ہیں۔

اسSyncretic یا مخالف دینی معتقدات میں مصالحت پیدا کرنے والے لوگوں کی ذ  ہنی سوچ کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ سید حسین نصرنے جو کہ ایک شیعہ عالم ہیں، اور روایتی افکار کے پیروکار ہیں ، اور زندگی بھر شیخ عیسیٰ  نور الدین کی شاگردی میں رہے،  اپنی ایک کتاب کے انتساب کے صفحہ پر اس Logo یا امتیازی نشان کو ڈالا ہے۔ یہ حقیقت ایک اور جہت کی طرف اشارہ کر رہی ہے جو اسلام کے ساتھ مخالف دینی اعتقادات کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ یہاں یہ واضح ہو جاتا ہے ایسے لوگ  اُن تمام روایات کو چھوڑنے کو تیار نہیں جنہیں اسلام نے انتہائی واضح الفاظ میں رد کر دیا ہے۔ تو پھر وہ کون سی ایسی بات ہے جو ان تمام مختلف روایات کے حامیوں کو باہم جوڑتی ہے؟ وہ ہے، ان روایات کی مرکزی شخصیات کو معبود ٹہرانا۔  ہندئووں، عیسائیوں اور شیعہ مسلم نے اسی کو باہم اپنا لیا ہے۔  ان مذاہب میں کرشنا ، عیسیٰ اور علی ، تفاصیل میںصرف کچھ درجہ میں ایک دوسرے سے مختلف ہیں مگر اصل میں ایک ہی ہیں، یعنی ان ہستیئوں میں خدائی موجود ہے ۔ اور ایسا ہونے کی وجہ سے یہ مذاہب ایک دوسرے میں مدغم ہونے کے لیے تیار ہیں۔ پہلے باہم یکجا ہوکر، اور پھر اتصال سے ایک مرکب کیمیائی بن کر یک جان ہوجانا ان کا  مقصد اور ہدف ہے ۔

اسلام اسی دائمی کفر (perennial blasphemy)  کو ختم کرنے کے لیے آیا ہے۔ جو یہ سمجھے کہ یہ روایات پوری دنیا میں ایک قابل قبول حقیقت ہیں تو وہ یہ جان لے کہ اسلام کا اس میں کوئی حصہ نہیں ہے۔ایک انتہائی درجے کی خطرناکیت کے باوجود خود سیدنا حضرت علی کرم اللہ وجہ ' کی حیات مبارک میں ہی ان کو اللہ کا درجہ دینے کی کوشش اس لیے کی گئی کہ اسلام کو ایک روایتی مرتبہ دے دیا جائے۔  عبداللہ ابن سبا نامی ایک یہودی اس پھوٹ ڈالنے کی تحریک کا سربراہ تھا، جس نے ایک اور یہودیPaul  یا پولس کے نقش قدم پر چل کر یہ کام کیا اور بالکل اسی طرح کیا جس طرح چھ سو سال پہلے پال نے عیسائیت میں تثلیث کا عقیدہ ایجاد کیا تھا، اور یوں عیسائیوں میں ایک مستقل جھوٹ کی بنیاد رکھ  دی۔

کیا احتجاج کی وجہ تلخی ہے؟

 کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ یہ مصالحت پیدا کرنے والے صوفیا اپنے خلاف ہونے والے احتجاج کو تلخی اور درشتگی سے تعبیر کر تے ہیں۔ سید حسین نصر اپنی کتابThe Heart of Islam   میں احتجاجی سرگرمی کے بارے میں لکھتے ہیں:
'' یہ ایک ایسی چیز ہے جس میں لوگوں کو نا انصافی کے زخموں کو کریدنے میں مزا آتا ہے ،کسی بھی با مقصد فیصلہ کی شکل بگاڑ دیتا ہے اور ہر چیز کو تلخی سے بھر دیتا ہے۔ اگر اس بیان کو ماہ محرم الحرام میں شیعہ حضرات کا سینہ کوبی کرنے اور اسی طرح کی دوسری چیزوں کے تناظر میں دیکھیں تو بالکل درست نظر آتا ہے۔ اگر کفر اور بدعت کی نشاندہی کرنے والی مخلصانہ کوششوں کو تلخی پیدا کرنے کے زمرے میں ڈال کر نظر انداز کردیا جائے تو یہ غلطی اور خطا کا احساس پیدا کرنے کی جانی بوجھی کوشش ہو گی۔''

Frithjof Schuon یعنی شیخ عیسیٰ نورالدین نے جب یہ کہا کہ:'' تلخی جہنم میں لے جاتی ہے۔'' تو یقیناً انہوں نے ایک بڑا سخت فیصلہ سنا دیا۔ کیا ایسی کوئی بات اتنے شد ومد سے کہی جا سکتی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ:''آج کل مسلمان آزردگی اور تحقیر کے مسلک میں الجھ کر ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ ''اس سے کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلتا سوائے بدنامی، نامردی اور کمزوری کے۔ سوال یہ ہے کہ،  کیا یہ بیان نادانستگی میں دیا گیا ہے یا عادتاً؟ حقیقت یہ ہے کہ تلخی کی وجہ سے کمزوری اور نا مردی پیدا ہو یا نہ ہو مگر اس فرضی تلخی کے احساس کو سچ مان لینایقیناً کمزوری پیدا کر دے گا۔ ایسا الزام لگانے سے مورال (morale) یقیناً نیچے گرے گااور شائد ایسے بیان دینے کا مقصد بھی یہی ہے۔  ہم اگر شیخ صاحب کے الفاظ کے چنائو کو نظر انداز بھی کردیںتو صرف یہ کہا جا سکتا ہے کہ آج کل کے مسلمان جن حالات سے دوچار ہیں اس میں صرف کوئی کمزور اور نامرد ہی خاموش رہ سکتا ہے۔ اور اس میں کوئی احساس ہی پیدا نہیں ہوگا۔  کافی عرصہ سے مسلمان چاروں طرف سے ایک شدید شکنجہ میں جکڑتے چلے جارہے ہیں اور کسی طرف سے کوئی راہ فرار نہیں مل رہی ہے۔ اور اب ایسے صوفی شیخ کے گھس آنے کی بدولت مسلمانوں کے اندر ایک اندرونی شکست و ریخت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

ایک صحیح العقیدہ مسلمان اس حدیث مبارک سے روشنی حاصل کرے گا جس میں فرما یا گیا :
'' تم میں سے جو کوئی بھی برائی کو دیکھے تو اس کو اپنے زور بازو سے ختم کرنے کی کوشش کرے، اور اگر ایسا نہ کرسکے تو اس کے خلاف آواز اٹھائے اور یہ بھی نہ کرسکے تو اپنے دل میں اس کو برا جانے اور یہ ایمان کا کم ترین حصہ ہے۔''(صحیح مسلم)۔
اس لیے جھوٹ اور ہر قسم کی نا انصافی  کے خلاف آواز اٹھانا ہی اصل سیاست ہے ، اور ان کو راستہ سے ہٹاکر ختم کردینا اس بات کی گواہی ہے کہ صحیح اور غلط، رحمانی اور شیطانی چیزوں کے درمیان حد فاضل قائم کر دی گئی ہے۔مگر ان جدید صوفی حضرات کے نزدیک یہ تمام اعمال رسمی ہیں کیونکہ ان کے نزدیک یہ عمل صرف کیچڑ اچھالنے کے برابر ہے۔ اس لیے اگر آپ استحصال کے خلاف کوئی کارروائی کریںتو آپ دہشت گرد  قرار دئے جاتے ہیں۔ اگر آپ ان کے خلاف آواز اٹھائیں گے تو آپ انقلابی گردانے جائیں گے، اور ایمان کے کم ترین حصہ کا اظہار کر کے اس کو برا سمجھیں گے تو آپ تلخی پیدا کر رہے ہیں۔ اگر آپ استحصال کے خلاف ہوں یا نہ ہوں ، ہر دو صورتوں میں تباہی اور بربادی آپ کا مقدر ہے۔ ان  Syncretic  صوفیوں کی تو یہی خواہش ہے کہ آپ اپنے دانت نکلوا کر، ناخن کھنچواکر ایک بے ضرر کیچوے کی طرح رینگنا شروع کردیں ۔ اور اس عیسائی تعلیم کے مطابق عمل کریں، جس کے تحت اگرکوئی ایک طمانچہ مارے تو اپنا دوسرا گال بھی آگے کردو ، جبکہ پچھلے دو ہزار برسوں کی تاریخ میں آج تک کسی عیسائی نے اس پر خود عمل نہیں کیا ہے۔

اس بحث سے قطع نظر ، دنیا کے تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے اس بات کا اقرار کیا جا سکتا ہے کہ دنیا کے ہر ایک گوشہ میں نصیحت آموز اور اخلاقیات کا پرچار کرنے والی  مذہبی کتابیں مل جائیں گی۔ اگر کوئی مسلمان ان کو پڑھے تو اسے یقیناً روح کی بالیدگی کا احساس ہوگا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ ان تمام تعلیمات کا مقصد انسان کے اپنی ذات کی ترقی اور ترویج سے بڑھ کر نہیں ہے۔ جبکہ اسلام معاشرہ کے پورے ڈھانچہ کی ترقی کو کبھی نظر انداز نہیں کرتا۔ اوپر درج کی گئی حدیث مبارک اس بیان کی تائید اور توثیق کرتی ہے۔  اسلام نے اخلاص نیت کو سب سے زیادہ اہم قرار دیا ہے۔  یہی اس کے اقدار کی برتری کی وجہ ہے۔ اور اس اخلاص کے بغیر عیسائیوں کی Charity (یعنی محبت اور درگذر) ،  ہندوئوں کی Humility (یعنی صبر، نرمی اور اہنسا) اور پھر یہودیت کی Obedience (یعنی تفصیل کی طرف مکمل توجہ)  سب کی سب اپنی جگہ بے مصرف ، لا یعنی اور لا حاصل ہیں۔  دیکھا جائے تو عفو و درگزر، صبر و برداشت ، کامل بندگی اور سپردگی کو قرآن کی تعلیمات نے بھی بہت اہمیت دی ہے۔  مگر ان سب کی روح رواں صرف اخلاص نیت ہے۔ اس سے یہ نتیجہ بھی نکلتا ہے کہ نور اور ہدایت جہاں بھی ملتی دکھائی دے ، وہ نور اور وہ ہدایت اپنی انتہائی پاکیزہ اور بہترین قابل عمل شکل میں قرآن مجید فرقان حمید میں لازماً موجود ہے۔  اور پھر یہ قرآن کا ہی منہاج ہے کہ وہ ایسے اقدام کے دروازے کھول دے جو اس نور اور ہدایت کو اس کے انتہائی محاسن تک پہنچادے۔

بہر صورت اخلاقیات کے حوالے سے جو باتیں ان مذاہب میں قابل قدر ہیں ، مرکزی اعتقادات کے سلسلے میں  ویسا نہیں ہے ۔ یعنی ان مذاہب کے اصل اصول سے اسلام کا کوئی میل نہیں ہے۔ اور خصوصی طور پر اللہ اور تخلیق اور وجود سے اس کا تعلق کے بارے میں ان مذاہب کے خیالات قابل نفرت اور قابل رد ہیں۔ ماضی میں اللہ نے لوگوں کو ان کی اخلاقی گراوٹ پر کبھی کبھی سزائیں بھی دی ہیں۔ مگر اس رب کائنات نے اپنی ذات اعلیٰ میں کسی قسم کے شرک اور آمیزش کی کوشش کو معاف نہیں کیاہے۔ اس لیے ایسی کوئی بات جو اس کی ذات کو اس کی تخلیق میں گڈ مڈ کردے ، ہرگز  قابل معافی نہیں ہے۔ اور افسوس کہ ان صوفیاء نے یہی غلطی بار بار دہرائی ہے۔

حضرت مجدد الف ثانی   کا جہاد

اس گفتگو کے اختتام پر یہ بات مناسب معلوم ہوتی ہے کہ تاریخ کے صفحات پر نظر ڈال لی جائے اور حضرت مجدد الف ثانی کے اس جہاد پر نگاہ ڈال لی جائے جو انہوں نے اپنے دور کے Syncretic  صوفیوں کے خلاف کیں۔

حضرت شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانی ٩٧١ھ میں مغل شہنشاہ اکبر کے دور میں تولد ہوئے۔ تقریباً چالیس سال کی عمر میں انہیں بطور مجدد کے تسلیم کیا گیا جبکہ اکبر کی بادشاہت ابھی قائم تھی اور آ یندہ چار سال تک بھی باقی رہی۔  ان کی جوانی کے دن اکبر کی شہنشاہیت کے عروج زرین سے متصل رہا۔ اکبر نے اپنے رتنوں کی مدد سے ایک نئے دین ،  دین الہٰی کی بنیاد ڈالی جو کہ اپنے دور کے متعدد ادیان اور عقائد کا ملغوبہ تھا ۔ جس میں اسلام کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی۔  اس کے دین کی مرکزیت اس نعرہ میں تھی کہ لا الہٰ الا اللہ۔ اکبر خلیفة اللہ۔ محمد ۖ رسول اللہ کے الفاظ کو اس نے اس لیے نکال دیا کہ اس کی رائے میں وہ نام ہزار سال کے بعد اب متروک ہوگیا ہے۔ اس کے دین میں دن میں چار مرتبہ سورج کی پوجا ہوتی تھی۔ عقیدہ تناسخ یا آواگون مذہب کا ایک لازمی حصہ تھا، عورتوں کے حجاب کو ختم کردیا گیا ، داڑھی رکھنا ممنوع ہو گیا تھا ، شراب کو حلال کردیا گیا تھا ، اسی طرح سود اور جوا کو بھی حلال جگہ عطا کردی گئی تھی۔ طوائف کے پیشہ کو با عزت طور پر بحال کر دیا گیا۔ شیر ، بھالو ، کتے اور بلی کاگوشت بھی حلال قرار پایا ۔ مگر گائے، بکری، اونٹ اور بھینس کا گوشت حرام ہوگیا۔ مساجد کو شہید کر کے ان کی جگہ مندروں کی تعمیر کی گئی۔ عربی زبان ، قرآن و حدیث کی تعلیم ممنوع قرار دی گئی۔ جنہوں نے احتجاج کیا انہیں ملک بدر کر دیا گیا۔ رمضان کے روزوں کا مذاق اڑایا گیا یہاں تک کہ روزہ داروں کو قتل کر دینے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ شہنشاہ کے آگے حاضر ہو کر زمین کو بوسہ دینا احترام شاہی کے طور پر لازمی قرار پایا۔ 

من حیث المجموعی حضرت مجدد کو کئی فتنوں سے بہ یک وقت سامنا کر نا پڑا جن میں اول شہنشاہ اکبر، دوئم دنیا کے پروردہ علمائ، سوئم رافضی یعنی شیعہ مسلم ، اور آخر اً ہندو ، جین ،  عیسائی، پارسی شامل تھے۔ تصوف حقیقی کی شکل ہر قسم کی ضلالت گمراہی اور بدعات سے بگاڑ دی گئی تھی۔ ان کو ان تمام چیزوں کے خلاف آواز اٹھانے اور جہاد کر نے کی پاداش میں پہلے اکبر نے اور پھر بعد میں اس کے بیٹے جہانگیر نے، جو ١٠١٤ ھ میں ٣٨ سال کی عمر میں بادشاہ بنا اور بائیس برس حکومت کی، طویل مدت تک انہیں قید میں رکھا۔ جہانگیر نے آخر میں آکر توبہ کر لی تھی اور حضرت مجدد کے پیرو کاروں میں شامل ہوگیا تھا۔

حضرت مجدد الف ثانی نے مندرجہ ذیل مسائل پر بڑا سخت موقف اختیار کیا:

١۔شیعہ مسلمانوں کا عقیدئہ امامت اسلام کی شریعت کا حصہ نہیں ہے۔

٢۔حضرت ابو بکر  ، حضرت عمر  ، حضرت عثمان  اور حضرت علی کرم اللہ وجہ رضی اللہ عنہم اجمعین کی بزرگی ان کی خلافت کے تسلسل کے مطابق ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہ'  نے خود فرمایا:  جو یہ کہے میں ابوبکر و عمر سے افضل ہوں تو میں اسے کوڑے لگائوں گا ایسے جیسے کہ چوروں اور فریبیوں کو لگتے ہیں۔ اسی لیے جو یہ کہے کہ حضرت علی حضرت ابو بکر سے افضل ہیں وہ جماعت اہل سنت سے خارج ہے۔

٣۔اللہ کی ذات کے ساتھ حلول اور اتحاد انتہائی نا پسندیدہ اقوال ہیں اور بڑی ضلالت اور گمراہی ہے۔

٤۔وحدت الوجود اور ہمہ اوست کی جو تحریک ابن عربی نے پیش کی تھی وہ عام لوگوں کی فہم و دانش کی گرفت میں نہیں آئی۔ یہ الفاظ حالت سُکر یعنی مدہوشی میںکہے گئے تھے جس کو کم فہم لوگوں نے اتحاد اور حلول سے تعبیر کیا اور بہت سی ضلالت اور گمراہی میں گرفتار ہوکر اللہ تبارک و تعالیٰ کی تمام تخلیق زمین و آسمان درخت شجر پتھر سب کو خدا بنا دیا۔

٥۔پیغمبر یہ بتانے کے لیے بھیجے گئے تھے کہ اللہ کی تمام تخلیقات غیر اللہ ہے۔ اللہ ان تمام سے بلند و بالا ہے۔ وہ اکیلا ہے اس کا کوئی ثانی نہیں۔ جو یہ نہ مانے وہ زندیق ہے،  ملحد ہے۔ ممکن کو واجب جاننا، تخلیق کو خالق سمجھنا، ممکن کی صفات اور کار کردگی کو اور اللہ کی صفات کو اللہ کی ذات سے بدل دینا ، اللہ کی اپنی حقیقت کو نہ ماننے کے برابر ہے۔

٦۔یہ عقیدہ کہ مخلوق اللہ کا عین ہے یا اس کا اللہ کے ساتھ الحاق ہو جائے گا ، غلط اور باطل ہے۔ اس دنیا یا کائنات کی کوئی چیز اللہ سے مماثلت نہیں رکھتی۔ وہ ان تمام چیزوں سے ورا ء الوراء ہے۔

٧۔کسی بھی لغو باتیں کرنے والے صوفی کے سحر میں گرفتار مت ہو جائو۔ وحدت الوجود اور ہمہ اوست کہنے  والے مشائخ کے نعرہ کا مطلب تھا کہ مخلوق کے اندر اللہ کی قدرتِ کاملہ اور اس کی طاقت کا اظہار ہے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس کا وجود اصل وجود ہے باقی سب کا وجود ظلّی ہے،  ممکن ہے، عارضی ہے ۔ ہمہ اوست کا مطلب یہ ہے کہ اس خالق کے علاوہ کسی اور چیز کی کوئی اپنی حقیقت نہیں ہے۔  ہمہ اوست سے مقصد ہمہ از اوست یعنی سب اسی سے ہے  کہنے کا تھا۔

٨۔منصور حلا ج نے کہا : انا الحق یعنی میں حق ہوں۔  بایزید بسطامی نے نعرہ لگایا : سبحانی ما اعظم شأنی یعنی میری بڑائی ہو، کیسی عظیم شان ہے میری۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ:  لوائی أرفع من لوائِ محمد یعنی میرا جھنڈا محمد ۖ کے جھنڈے سے اونچا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جیسے شریعت میںاسلام اور کفر موجود ہے، اسی طرح طریقت میں بھی اسلام اور کفر ہے۔  دونوں صورتوں میں اسلام ارفع و اعلیٰ ہے اور کفر قابل  حقارت و زندقہ ہے۔ اللہ کے ساتھ جَمْعْ یا الحاق طریقت میں بھی کفر ہے۔ جَمْع کے مقام پر حق اور باطل محو ہو جاتے ہیں کیونکہ طالب کو صرف اپنے محبوب کی خوبصورتی ہی نظر آتی ہے، خواہ وہ اسے اچھائی کے آئینہ میں دیکھے یا برائی کے۔  اس کے لیے یہ سب توحید کے ہی روپ ہو جاتے ہیں۔ اور یوں وہ ہر ایک کے ساتھ یکساں برابری رکھتا ہے اور سمجھتا  ہے کہ سب ہی درست راستہ پر ہیں۔ کبھی کبھی وہ گمان کرتا ہے کہ ان سب کا وجود خد ا بطور الظاہر ہی کا اظہار ہے، اور پھر عبد اور معبود میں کوئی فرق روا نہیں رکھتا۔ یہ سب مقا مِ     جَمْعْ سے متعلق ہے۔ طریقت میں یہ کفر ہے اور یہ سُکر یا بدتمیزی کے برابر ہے۔ اس لیے ایسے موقعوں پر ان کے  شطحیات کا لفظی مطلب لینے کی بجائے وہ مطلب سمجھنا چاہئے  جو شریعت میں قابل قبول ہو۔ انا الحق کا مطلب پھر یہ ہو  جائے گا کہ میں موجود نہیں ہوں بلکہ صرف اللہ موجود ہے۔  اگر ایسی باتیں وہ  لوگ کرتے ہیں جو کہ حق کے لوگ ہیں تو یہ ان کے لیے آب حیات ہے ، اور اگر یہ الفاظ گمراہ حضرات استعمال کریں تو یہ ان کے لیے زہر ہلاہل ہے۔ با لکل ایسے ہی جیسے سمندر کے دو حصہ ہو جانا بنی اسرائیل کے لیے رحمت اور فرعونیوں کے لیے قیامت تھا۔ در حقیقت اصحاب حق سُکر کی حالت میں بھی شریعت کو ذرہ برابر بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ، مگر اصحاب باطل سُکر کا بہانہ کر کے لغویات بکتے رہتے ہیں۔

٩۔بعض صوفی نے وحدت الوجود اور ہمہ اوست کا درست مطلب سمجھے بغیر اس پر عمل کیا ، جس کے نتیجے میں  انہوں نے کفر کو پھیلایا۔

١٠۔اللہ کسی کے ساتھ الحاق نہیں کرتا۔ جب صوفی کہتا ہے کہ ایک کامل فقیر کو فنا حاصل ہوتی ہے تو وہ یہ کہتا ہے کہ  اس کے نز دیک اللہ کے ماسوا کچھ بھی نہیں ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ اللہ کے ساتھ یک جان ہو گیا ہے۔

١١۔اگر کوئی ظاہر کو چھوڑ دے اور اپنے باطن کو مزین کرنے کی بات کرے تو وہ ملحد ہے۔ اگر اس کو کچھ کامیابی مل جائے تو وہ استدراج (دھوکہ) ہوگا۔ باطنی حالت اسی وقت بہتر ہو سکتی ہے جب وہ ظاہری حالت کو سنوار لے گا۔

١٢۔صرف علمائِ اہل سنت والجماعت کا اجتہاد درست ہے، بقیہ سب غلط اور سُکر ہے۔ وہ صوفیا جو اللہ سے الحاق کے لیے پورا زور صرف کرتے ہیں اور شریعت کو پامال کرتے ہیں، بے حقیقت ہیں۔ یونانی اور ہندو فلاسفہ نے ایسا کرنے کی کوشش کی اور وہ دھوکہ میں جا گرے۔

 ١٣۔سماع اور آلاتِ موسیقی اور رقص دل بستگی کا سامان ہیں اور کسی بھی فقیہ نے انہیں جائز نہیں کہا۔ صوفیوں کا جائز یا ناجائز عمل کوئی معنی نہیں رکھتا۔

١٤۔شریعتِ محمدی ۖ ہی طریقت ہے۔ وہ معرفت جو اس راہ میں ملے وہ قابل قبول ہے، اور اس کے علاوہ سب ناجائز اور نقصان دہ ہے۔

اختتامیہ

اس تجزیاتی مضمون کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ کسی صوفی یا ان کے پیروکاروں کی توہین ہو۔ ہاں اس مضمون میں یہ بات  یقیناً پوشیدہ ہے کہ کسی بھی نظریہ اور تعلیم کی درستگی اسی وقت قابل قبول ہے جب وہ قرآن سے مطابقت رکھتی ہو۔ اس بات کا ہمیشہ امکان رہتا ہے کہ کوئی بھی اسکالر قرآن کی کسی آیت کے ایک حصہ کو پکڑ کر اس کے اوپر ایک خیالی محل کھڑا کر لے جو اسلام کے بنیادی عقائد سے ذرا بھی میل نہ کھاتا ہو ۔  محتاط بیان دیتے ہوئے ایسے کسی بھی نتیجہ کو سُکر یا مدہوشی کے زمرے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر ایسا ہو تو نہ صرف یہ  صوفی حضرات بلکہ ہر مسلمان کا فرض بنتا ہے کہ اس پر غور کرے اور قرآن مجید سے کوئی اور آیت اور ہدایت ڈھونڈھ لائے جو اس باطل فکر کو غلط ثابت کردے اور کسی بھی لمبے چوڑے تحقیقی مقالے سے گریز کیا جائے جو اسلام کو اور معاشرے کی روحانی صحت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا نے کا باعث بنے۔

بطور ایک مسلمان کے ہمارے لیے لمحہ شکر ہے کہ قرآن مجید میں مشرق و مغرب کے دشمنان اسلام کی ریشہ دوانیوں کے باوجود کسی قسم کی تحریف نہیں ہوئی ہے۔ اکثر ایسا ہوا ہے کہ معمولی اختلافات نے جنم لیا ہے ، چھوٹے موٹے فرقے بھی بن گئے، اور مسلمان کافی عرصہ تک بلکہ بعض اوقات صدیوں تک افراتفری میں مبتلا رہے، مگر آخر کار قرآن کی طرف سے صحیح راہ نمائی حاصل کرکے امت مسلمہ کو سکون ہوا۔

بڑے دکه  سے یہ بیان کیا جارہا ہے کہ ان Syncretic صوفیوں نے ادھر ادھر سے ڈھیروں مواد  اکٹھا کر لیا مگر قرآن سے  بہت کم  لیا۔ اسلام سے باہر کے مذاہب اور عقائد پر ان کو جتنا عبور تھا وہ اگر ان عقائد کو دلائل سے باطل ثابت کرتے تو اسلام اور انسانیت دونوں کی خدمت کرتے۔ مگر صد حیف کہ وہ اپنے خیالات کے ساتھ بڑی مضبوطی سے جڑے رہے، اور اپنے ساتھ اپنے پیروکاروں کا بھی نقصان کیا کہ اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ہی اب قرآن اور اسلام کی صحیح تعلیمات سے آگاہ کریں گے۔

یہ مضمون اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ قرآن ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو مسلمانوں اور غیر مسلموں کے لیے راہ نجات ہے۔ میڈم ہیلینا بلاواٹسکی نے لوگوں کو اپنے نفسیاتی سحر سے مسحور کردیا ، سائیں بابا  اپنے شعبدہ بازی سے عوام میں مقبول ہوئے ۔ یہ لوگ صرف عوام کو خوش کرنے والے ہیں۔  اور پھر وہ لوگ ہیں جو عقلی بنیادوں پر کام کرتے ہیں، اور ان کی باریک بینی کو سمجھنا ایک عام انسان کا کام نہیں ہے ۔ وہ لوگ جنہوں نے معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کو چھوڑ دیا ہے اور وہ رہبانیت کے قریب چلے گئے ہیں ، ان ہی گمراہیوں کے حملہ کی زد میں ہیں۔ ایک مسلمان جس نے قرآن کا ساتھ رکھا ہو وہ ان دھوکہ دہی کی وارداتوں سے محفوظ رہے گا۔ جس کے ہاتھوں میں قرآن کی ہدایت ہوگی وہ کبھی غلط راہ پر نہیں چلے گا اور انشاء اللہ ایمان اور ایقان کے اعلیٰ مراتب حاصل کرے گا۔

'' اللہ ایمان والوں کا رکھوالا ہے، وہ انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لاتا ہے۔ اور جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے، ان کے رکھوالے وہ شیطان ہیں جو انہیں روشنی سے نکال کر اندھیروں میں لے جاتے ہیں۔ وہ سب آگ کے باسی ہیں،وہ ہمیشہ اسی میں رہیں گے۔ سورة بقرة  (٢٥٧:٢)۔

قسط نمبر ١ کا مطالعہ کیجئے  قسط نمبر ٢  کا مطالعہ کیجئے 


یہ مضمون جریدہ "الواقۃ" کراچی کے شمارہ، رمضان المبارک 1433ھ/ جولائی، اگست 2012- سے ماخوذ ہے۔  

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنی رائے دیجئے