جریدہ "الواقۃ"
کراچی، شمارہ (5 / 6 ) شوال، ذیقعد 1433ھ/ ستمبر، اکتوبر
2012
پاکستان بلاؤں میں گرفتار ملک۔ تدارک کی تمنا
محمد احمد
اپنا عزیز از جان وطن بے
شمار مسائل کی زد میں ہے۔ ان کی نوعیت اتنی حیران کن ہے بلکہ تباہ کن ہے کہ بے
اختیار ان مسائل کو بلاؤں کا خطاب دئیے بغیر بات بنتی نظر نہیں آتی ! فی زمانہ ابلاغ عامہ کے ذرائع کی وسعت پذیری نے
کرہ ارض کو ایک ہمہ جہتی بحر و بر پر محیط گاؤں Global
Village کا درجہ عطا کردیا ہے ۔ اسی گاؤں کی مناسبت
سے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ دنیا میں چین و سکون اور امن و امان کا دور دورہ ہوتا
مگر حالات تیزی سے دوسرا رخ اختیار کر گئے اور فساد فی الارض سے امن امان تہ و
بالا ہوگیا۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اپنی نازل کردہ آخری آسمانی کتاب میں چودہ سو
سال قبل اس گاؤں والوں کو متنبہ فرماتے ہیں :
“ خشکی اور تری میں لوگوں کی بد اعمالیوں کے باعث فساد پھیل گیا۔ اس لیے کہ انہیں ان کے بعض کرتوتوں کا پھل اللہ چکھا دے۔ (بہت) ممکن ہے کہ وہ باز آجائیں۔”(سورة الروم: ٤١)
ہر وہ مہیب جنگ جو ایک
مملکتوں کا گروہ دوسرے ممالک سے لڑتا ہے ، اس سے جو کثیر جانی ، مالی اور معاشرتی
نقصانات وقوع پذیر ہوتے ہیں ان کا اندازہ اور تخمینہ لگا نا کوئی مشکل امر نہیں
ہے۔ مندرجہ بالا قرآنی اصول کا اطلاق ان اقسام کی جنگوں پر بالعموم اور گزشتہ
ادوار کی دو جنگ عظیموں پر بالخصوص ہوتا ہے۔ اس ضمن میں دنیا بھر کی لائبریریاں
گواہ ہیں ۔ ( یہ صرف ہوش اڑانے والے نقصانات بتانے پر اکتفا کرتی ہیں ۔ کتبِ سماوی
کے جاری و ساری اصولوں سے انہیں غرض نہیں)
علاوہ ازیں یہ اصول پروردگار عالم کا تمام لوگوں ،تمام مذاہب کے ماننے
والوں ، دہریوں اور مشرکوں پر پوری طرح لاگو ہے۔
من حیث الجماعة امت مسلمہ
کا حال زار ذرا پتلا ہے اور دیگر مذاہب کے بالمقابل دگرگوں ہوتا چلا جا رہا
ہے۔ایسا لگتا ہے کہ امت میں عقائد ، علم اور اعمال کا بگاڑ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔
دانشوران قوم دن رات بے شمار تجاویز اور حل ابلاغ عامہ کے ذرائع سے پیش کرتے رہتے
ہیں مگر بہت کم خدائی احکامات سے رجوع فرمانے کی تگ و دو کرتے ہیں۔ ایک آیت کریمہ
مسلمانوں کو توجہ دلاتی ہے :
“ اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! اگر تم میں سے کوئی دین سے پھرتا ہے (تو پھر جائے)، اللہ اور بہت سے لوگ ایسے پیدا کر دے گا جو اللہ کو محبوب ہونگے اور اللہ ان کو محبوب ہوگا۔ جو مومنوں پر نرم اور کفار پر سخت ہونگے۔ جو اللہ کی راہ میں جدوجہد کریں گے اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈریں گے۔یہ اللہ کا فضل ہے جسے چاہے وہ اسے عطا کرتا ہے ۔ اللہ وسیع ذرائع کا مالک ہے اور سب کچھ جانتا ہے۔”(سورة المائدة:٥٤)
پتہ چلتا ہے کہ اسلام کی
نظر میں اس دور زبوں حالی میں بہترین لوگ ، اولوالعزم اور راسخ العقیدہ اور سیسہ
پلائی ہوئی دیوار کی مانند افراد کار ( ؎ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی) صدق دل
سے اجتماعی توبہ و استغفار کرتے صراط مستقیم کی جانب رواں دواں ہوسکتے ہیں۔ بشرط
یہ کہ امت مسلمہ کے ذہین ترین ، بر سر آوردہ اشرافیہ ، سب اقسام کی جنگوں سے زیادہ
مہلک ترین جنگ جو ان کے سروں پر مسلط ہے اس کا مدلل اور محقق ادراک فرماتے ہوئے
لائحہ عمل تجویز کریں اور اپنا تن من دھن اس جنگ سے نکالنے کے لیے قربان کردیں، تو
بات بنے!
مالک الملک غضبناک لہجہ
میں الٹی میٹم دے رہے ہیں :
“ اے لوگو،جو ایمان لائے ہو! اللہ سے ڈرو اور جو سود کا بقایا ہے اس کو چھوڑ دو اگر تم ایمان والے ہو ، پس اگر تم نے ایسا نہ کیا تو اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کے لیے تیار ہوجاؤ۔” (سورة البقرة:٢٧٩)
ماضی میں جنگ کے اشتہار
سے جو مقصود مرادلیا جاتا تھا آج کی حربی اصطلاح میں اسے الٹی میٹم سے ہی تعبیر
کریں گے۔اگر کوئی “ مخلوق” ملک یا سلامتی کونسل الٹی میٹم کے نام سے یا یک طرفہ
پابندیوں کی شکل میں دھمکیاں دے تو ملک کی انتظامیہ کانپ جاتی ہے اور اس ناگہانی
آفت سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہر قسم کی دوڑ دھوپ سے جلد مضمحل ہو جاتی ہے۔ کسی
صورت چین نصیب ہوتا نظر نہیں آتاہے۔ مگر رب العزت کے مندرجہ بالا احکام سے پہلو
تہی پورے ملک کو کس پستی اور ذلت سے متعارف کرا رہی ہے اس کا مکمل اور محقق ادراک
ہو نہیں پاتا۔ اس نہ ہونے والے ادراک کا تعلق ( مروجہ قانون کی زبان میں Nexus ) احکم الحاکمین کے حکم کے اس جملے : ”اگر تم ایمان والے ہو” سے
ہے۔ مگر اس بات کا کیا کیا جائے بہ حیثیت مجموعی ایمانی حالت ڈانواں ڈول ہے اور اس
خدائی جنگ کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے۔
ہمارے اوپر ان بلاؤں کے
پے درپے نزول کی واحد وجہ ہے کہ ہم سود سے
ناتہ نہیں توڑ سکے۔ اپنی کمزوری ، کم ہمتی
اور کم علمی کا بھر پور اعتراف کرتے ہوئے ہم اپنے رب علیم و قدیر سے مدد طلب کرتے ہوئے سود جیسے گناہ کی
سنگین نوعیت کا جائزہ قران و سنت کی روشنی میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کی تشکیل
کے لیے لیں گے۔ یاد رہے کہ نہ صرف اسلامی جمہوریہ پاکستان سودی شکنجوں میں جکڑا ہے
بلکہ خدائی جنگ کی شدت فزوں تر ہے اور اس جنگ سے پیدا شدہ نقصانات کا تخمینہ ہر
اندازے سے کروڑوں گنا زیادہ ہے۔
کیا ایسا نہیں ہے کہ علی
الا علان ملک کی معیشت پر قابض حکمران اپنی دنیا کو خوب سے خوب تر بنانے کی خاطر ،
اس ملک کو اس جنگ میں جھونک چکے ہیں؟ کیا اب ہمارا ان بلاؤں سے چھٹکاراچند انتظامی
اقدامات سے ہو سکتا ہے؟ کیا یہ ایک اچنبھے کی بات نہیں کہ جس ملک کو لاالہ الا
اللہ کے انتہائی عظیم الشان “ با مقصد “ اور دلوں کو نیا جوش اور ولولہ عطا کرنے
والے نعرہ لگا لگا کر حاصل کیا گیا تھا ، ہم اپنی لا حاصل اور بے جا خواہشات کی
نظر کر دیں گے؟ اللہ اور اس کے رسول ﷺ
کے بالمقابل حالت جنگ میں ہوتے ہوئے پاکستان مختلف بلاؤں کے نرغہ میں آچکا ہے۔ چشم
تصور میں اگر تمام حقائق اجاگر ہوجائیں Complete
Realization
تو ہر پاکستانی کا دن کا چین اور رات کا آرام حرام ہوجائے گا۔
ان بلاؤں میں سے چند کا
ذکر کرتے ہیں۔
جنسی جرائم جو ان خطوں
میں سننے کو نہیں آتے تھے اب روزانہ کی خبروں کا حصہ ہوتے ہیں۔اطلاعات کی شاہراہ (Information
Super Higjhway) پر
جنس و جرائم کی ریڈیائی لہریں ہمارے ہم وطنوں کے اعصاب پر پوری شدت سے حملہ آور ہو
رہی ہیں۔گاؤں ہو یا شہر ، میدان ہو یا پہاڑ سب جنسی جرائم کی آماج گاہ بنتی جارہی
ہیں۔ پہلے کوئی شخص گینگ ریپ (Gang Rape) کے فعل بد سے آشنا نہیں
تھا۔ اب یہ لفظ میڈیا میں بلا جھجھک استعمال ہوتا ہے۔ شائد پہلے کبھی ان واقعات کے
علم میں آنے کے بعد خون کے آنسو بہانا آسان تھا ، فی الوقت حس اور حیرانگی بھی
جواب دے گئی ہے۔ہادیِ برحق ﷺ
کے مندرجہ ذیل برحق ارشادات کی روشنی میں “ ایسا کیوں ہورہا ہے “ کے سوال کا جواب
دانشوران قوم کو تلاش کرنا پڑے گا۔
رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ:” سود اتنا بڑا گناہ ہے کہ اس کو اگر ستر اجزا ء میں تقسیم کیا جائے تو ہلکے سے ہلکا جزو اس گناہ کے برابر ہوگا کہ آدمی اپنی ماں کے ساتھ زنا کرے۔” (ابن ماجہ)
کیا اس شہوانیت کی سونامی
کی وجہ سود کی لعنت و وحشت میں علی وجہ بصیرت نظر نہیں آرہی ؟ کیا کوئی ہوش مند پاکستانی
یہ ماننے میں تامل کرسکتا ہے کہ اس فعل بد کا عمل دخل ملک کی معیشت سے فی الفور
خارج ہو جانا چاہئے؟ کیا اس قبیح فعل کے نقصانات واضح ہونے کے باوجود حضوراکرم ﷺ
کے ارشاد گرامی کی حقانیت اظہر من الشمس نہیں ہوگئی ؟ قرآن پاک کی آیتِ مبارکہ اور
حدیث پاک کی روشنی میں خطرات اور محرکات دونوں پوری طرح آشکار ہو چکے ہیں۔طلب
مغفرت اور رجوع الی اللہ دائمی امن وامان کے حصول کا ضامن ہو سکتا ہے صرف چشم
بصیرت وا کرنے کی دیر ہے۔
اس ایک بلائے بے درمان
یعنی فحاشی کی سونامی کے تعین کے بعدایک اور حدیث پاک کے مطالعہ کے ذریعہ اپنے ارد
گرد نظر دوڑاتے ہیں کہ کہیں مزید بلاؤں نے ہمارا محاصرہ کرنے کا تہیہ تو نہیں کر
رکھا ہے:
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ: ” میں نے آج رات دو اشخاص کو دیکھا جو میرے پاس آئے اور مجھے بیت المقدس لے گئے ، پھر ہم آگے چلے تو ایک خون کی نہر دیکھی جس کے اندر ایک آدمی کھڑا ہے اور دوسرا آدمی اس کے کنارے پر کھڑا ہے۔ جب نہر کے اندر والا آدمی باہر آنا چاہتا ہے تو کنارے والا آدمی اس کے منہ پر پتھر مارتا ہے جس کی چوٹ سے بھاگ کر وہ پھر وہیں چلا جاتا ہے جہاں کھڑا تھا۔ وہ پھر نکلنے کا ارادہ کرتا ہے تو پھر کنارے والا آدمی وہی معاملہ کرتا ہے۔ آنحضرت فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے ان دو ساتھیوں سے پوچھا یہ کیا ماجرا ہے جو میں دیکھ رہا ہوں؟ انہوں نے بتلایا کہ خون کی نہر میں قید کیا ہوا آدمی سود کھانے والا ہے (اپنے عمل کی سزا کھا رہا ہے)۔” (صحیح البخاری، کتاب البیوع)
ہمارے ملک میں بڑھتی ہوئی
تخریب کاری جس کو روکنے کا اہتمام اب تک ہم نہ کر پائے ایک ایسی بلا ثابت ہوچکی جس
نے جگہ جگہ خون کی نہریں بہا دی ہیں۔ یہ خونریزی اگر دو ممالک کی آپس میں دست و
گریباں ہونے کی وجہ سے ہو تو کسی کی سمجھ سے بالا تر نہیں ہوسکتی ۔ یہاں البتہ
صورت حال عجیب ہے کہ کسی ملک نے ہم پر حملہ بھی نہیں کیا۔ جس ملک سے ہم ماضی میں
مسلسل بر سر پیکار رہے وہ ہماری ہنسی اڑاتا ہے کہ ہم نے اس کا کام آسان کردیا ہے۔
کیا یہ خون کی نہر ہم خود نہیں کھود رہے؟ اس نہر کو پاٹنے کی کوشش میں ہم سودی
قرضوں سے امن و امان (Law and Order)
قائم کرنے میں مدد دینے والے آلات اور گاڑیاں در آمد کرتے ہیں اور ہوتا یہ ہے کہ
ہم اپنے اس سودی عمل سے خونی نہر کو اور گہرا کرتے جارہے ہیں۔اور اس طرح اللہ اور
اس کے رسول ﷺ سے جنگ کرنے کے
کڑوے ثمرات سے اپنے دامن کو آلودہ کرتے جارہے ہیں۔کبھی نہر کا قیدی (حکومت پاکستان)
نہر کے باہر والے پہریدار سے قید سے آزادی کی التجا کرتا ہے جو رد ہو جاتی ہے اور
سودی قرضوں کا ایک مہیب پتھر (ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے توسط سے) نہر کے قیدی
(حکومت وقت) کے منہ پر مار دیا جاتا ہے۔ قیدی نہر میں مزید غرق ہوجاتاہے۔ اس طرح
قومی قرضوں سے نجات حاصل کرنے کے امکانات معدوم سے معدوم ہوتے جارہے ہیں۔
ہمارے وطن میں ایسے سیاسی
گروہوں کی بھر مار ہوتی جارہی ہے جن میں اکثر فاشسٹ لبرل ہیں اور انہیں خفیہ (Clandestine) ذرائع سے ہر قسم کے مہلک
ہتھیار مہیا ہو جاتے ہیں۔ یہ لوگ ملک میں نہ صرف خو ف وہراس پھیلانے کا باعث بنتے
ہیں بلکہ ملک کے مقتدر اور معزز رہنماؤں کو بے دردی سے قتل بھی کرتے ہیں اور عدلیہ
سے اپنی بے گناہی کا پروانہ حاصل کرنے میں دیر بھی نہیں کرتے۔اس طرح ان دو بلاؤں
(فحاشی اور تخریب کاری) نے ہمارے ملک کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور مکمل حل کی طرف نہ کسی
سیاستدان کی رسائی ہے اور نہ ہی کسی دانشور قوم کی کیونکہ اپنی دانست میں وہ سود
کو معیشت کا ایک ضروری حصہ سمجھے ہوئے ہیں۔ بد نصیبی کے دھکے ہیں جو پاکستان کے
مظلوم عوام کھاتے چلے جارہے ہیں۔
مزید بلائیں جو در پیش
ہیں وہ مہنگائی اور کرپشن ہیں۔ اس موضوع پر ذخیرہ احادیث میں سے ایک حدیث مندرجہ
ذیل ہے۔:
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :”جب کسی قوم میں سود کا لین دین رواج پا جاتا ہے تو اللہ تعالی ان پر ضروریات زندگی کی گرانی مسلط کردیتا ہے اور جب کسی قوم میں رشوت عام ہو جائے تو دشمنوں کا رعب اور غلبہ ان پر ہوجاتا ہے۔”(مسند احمد)
مندرجہ بالا حدیث مبارک
میں رشوت اور سود کا تعلق چودہ سو سال قبل بتایا گیا جس کا اسلام نے قلع قمع کردیا
تھا۔ البتہ موجودہ دور ببانگ دُہل ان دونوں بلاؤں کا اثبات کر رہا ہے بلکہ ان کا
چولی دامن کا ساتھ اظہر من ا لشمس پوری وضاحت کے ساتھ کرہ ارض پر بسیرا کرنے
والوںکو اظہار ابلاغ کے تمام ذرائع سے کراتا چلا جارہا ہے۔
فا عتبروا یا
اولی الابصار۔
اب ہم چند مثالوں سے مزید وضاحت کرنا
چاہیں گے۔
رشوت خور حکومتی کارکن
حکومت سے اپنی کارگزاری (خواہ کیسی ہی ہو) کا صلہ حکومت سے پوری تنخواہ اور الاؤنس (اصل
زر) کی شکل میں حاصل کرتا ہے۔ مگر وہ اپنی ہوس زر کی خاطر عوام الناس سے طلب رشوت
(سود کی ایک شکل) کی شدید خواہش بھی رکھتا ہے۔ مثلاً ایک سرکاری وکیل قتل کے ایک
ملزم ( مضبوط شواہد کی بنیاد پر بادی النظر (Prima
Facie ) میں مجرم ) کی جرح عدالت کے روبرو کرنے کے
لیے سرکار سے ایک ہزار روپیہ لیتا ہے۔ چونکہ مؤکل کا مفاد “ہاتھ ہولا رکھنے' ' پر
منحصر ہوتا ہے اس لیے وکیل دس ہزار رشوت (بمعنی سود ) سے اپنی ناتواں معیشت کی
درستگی پر جٹ جاتا ہے۔ ایسے ہزاروں وکلا اپنے باس کی خوشنودی کی تمنا میں اور ان
کے ہم عصر (دیگر محکمات) کروڑوں اربوں
روپے کی ہیر پھیر (Kick Backs and Horse Trading etc) میں ملوث ہوتے ہیں۔ یہ بین ثبوت ہے صادق و مصدوق ﷺ
کے اس قول کا کہ “ اللہ تعالی ان پر ضروریات کی گرانی مسلط کر دیتا ہے “ جو قوم کی
آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی و شافی ہو جاتا ہے۔
مندرجہ بالا بلا اپنے وطن
پر اس طرح مسلط ہوگئی ہے کہ بعض حلقوں میں کہا جاتا ہے کہ پاکستان کرپشن (Corruption) میں دنیا بھر کے ممالک میں اولین درجے پر فائز ہے۔ حدیث پاک کا
بقیہ حصہ “ اور جب کسی قوم میں رشوت عام ہوجائے تو دشمن کا رعب و غلبہ ان پر
ہوجاتا ہے” پوری طرح اور روز روشن کی طرح عیاں ہوجاتا ہے۔ جتنا دفاعی سازوسامان سودی قرضوں کے ذریعہ سے
لے کر اپنی فوجوں کے حوالہ کیا جائے گا اسی تناسب سے وہ اغیار کے رعب و دبدبہ کا
شکار ہوتی رہیں گی۔نہ سودی قرضوں سے نجات ملے گی اور نہ ہی دشمنوں کے چنگل سے۔یہ
کیسی دفاعی تیاری ہے ؟ کیا یہ عقلمندی کا فقدان نہیں ہے۔ کیا حکمران قوم کے حالات
از خود خسارہ کے سالانہ بجٹ کے ذریعہ گرانی کے سپرد نہیں کررہے؟ سود کی بلا از خود
اپنی گردنوں پر سوار کرنے والے سو ائے گرانی کے عذاب (
معیشتاً ضنکاً )
(القرآن) کے سوا اور کس چیز کے مستحق ہو سکتے ہیں ۔ یہ ایک (دائرة السوء )(التوبة)
یعنی Vicious Circle
ہے۔ مکروہ دولت کی گردش ان حکمرانوں ، مرکزی بینک کے عہدہ داروں ، صنعت کاروں ،
سیاست دانوں اور جاگیر داروں کے نعرہ “ھل من
مزید” کی تکرار ختم ہونے کا نام نہیں لیتی۔
عوام “ کالا نعام “ انتہائی عسرت ( Abject Poverty) کی زندگی گزارنے پر
مجبور کر دئے گئے ہیں۔
کرہ ارض پر رہنے والے نسل
در نسل دو واضح طبقات میں بٹ گئے۔ اول الذکر افراد اپنے معیار زندگی ( اقوام متحدہ
کے منظور شدہ الفاظ Quality Of Life ) بلند سے بلند کرنے کی دوڑ دھوپ میں مصروف ہوگئے
اور اپنے لیے Haves
کا لقب پا گئے۔ عسرت زدہ موخرالذکر Have
Nots کی صفت سے مزین ہوئے اور حشرات الارض کے لیول کے زمرہ میں شمولیت پر مجبور کر دئیے
گئے۔ یا حسرةََ علی العباد۔۔۔
ہائے افسوس متاعِ کارواں
جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساس
زیاں جاتارہا
Haves کا طبقہ فساد فی البر و البحر کے فتنہ کی آگ شب و روز بھڑکا رہا
ہے ۔ اس کے نتیجہ میں Have Nots کا طبقہ تعداد میں روز بروز بڑھ رہا ہے اور
ساتھ ساتھ ان کی زندگی کی ڈور کا سرا ان کے ہاتھوں سے چھوٹ بھی رہا ہے۔
ایک عقلمند آفاقی دنیا کی
مشاہدات سے اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ
کی تمثیلات سے اپنی روحانی و اُخروی زندگی کا ڈھب پوری طرح نہ صرف سمجھ سکتا ہے
بلکہ اپنے آپ کو اور دیگر برادران اسلام کوان بلاؤں سے تحفظ دلانے کی تدبیر بھی کر
سکتا ہے۔
رسول اللہﷺ ان خوفناک بلاؤں کے شکار لوگوں کی روحانی اور اُخروی زندگی کا ڈھب کیا ہوگا ، بتاتے ہیں :“ جب ہم ساتویں آ سمان پر پہنچے تو میں نے اپنے اوپر رعد و برق کو دیکھااس کے بعد ہم ایسی قوم پر سے گزرے جن کے پیٹ رہائشی مکانات کی طرح پھیلے اور پھولے ہوئے ہیںاور جن میں سانپ بھرے ہوئے ہیں جو باہر سے نظر آ رہے ہیں۔ میں نے جبرائیل امین سے پوچھا کہ یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے فرمایا : یہ سود خور ہیں۔”(مسنداحمد)
حسرت زدہ مسلم کے سَلَم (Slum) علاقوں سے الگ تھلگ پوش (Posh) ماحول میں تعمیر شدہ
وسیع و عریض مکانات سودی قرضوں کے طفیل وجود میں آتے ہیں۔ بعد ازاں انکی رجسٹریاں
(Sale Deed) رہن رکھ کر Mortgage بنکوں سے مزید سودی قرضے
لیتے ہوئے دکانوں اور مکانوں کی تعمیر کا ایک طویل سلسلہ چل نکلتا ہے۔ پھر کیا
تعجب کہ ایسی تعمیر میں مضمر خرابی ایسی ہو جیسی صادق و مصدوق ﷺ
ہمیں بتا گئے ہیں اور قیامت میں سود خوروں کے حرص و آز کے مسکن پیٹ ان دنیاوی ماڈل
( Global Village)
کی اسکائی اسکریپر Sky Scraper
کے مطابق مگر اُخروی تناسب سے بہت بڑے بنا دئیے جائیں گے۔ اگر سود خور آ سمان
چھیلنے کا بے ہودہ نام اپنی تعمیرات کو دیتے ہیں تو آسمان والا جہنم میں یقینا
انہیں ابد الاباد دہکتے ہوئے لوہے کے کنگھوں سے چھیلنے کے عذاب سے بھی نوازے گا
اور کیا خوب کہ ان محلات پر نصب سیٹیلائٹ رسیورز اور ڈش ائنٹینے ان دوزخی سانپوں
کے مشابہ ہوں جس کا تذکرہ حدیث بالا میں آیا ہے۔ یا یہ سانپ ان اینٹیناکے جوڑ '
تیزی سے بدلتے ہوئے جدید اور مختلف انواع کے Multimedia آلات ابلاغ ' سے کرتے
ہوئے کروڑوں ناظرین و سامعین کے سمع و بصر کے نظام کو زہر آلود کر رہے ہوں۔ اس زہر
کے تریاق کی تلاش مفقود ہونے کے سبب گھناؤنے جنسی جرائم پر کمر بستہ شر پسند افراد
کی لاٹری نکل آئی اور ملک میں انہوں نے فحاشی اور عریانی کے بے شمار اڈے کھول دئیے
اور اندھا دھند غرق دریا ہوگئے۔
اب ان لا حاصل خواہشات کے بندوں کے بارے میں ہمارے حضور رسالت مآ ب ﷺ کیا ارشاد فرما گئے ہیں مطالعہ کیجئے:“ پس قسم اللہ کی میں فقر و افلاس سے تمہارے لیے نہیں ڈرتا بلکہ اس بات سے ڈرتا ہوں کہ دنیا تم پر پھیلائی جائے گی جس طرح تم سے پہلوں پر پھیلائی گئی اور جس طرح انہوں نے باہم رشک و تنافس کیا ، اسی طرح کہیں تم بھی نہ کرو اور تم بھی غافل نہ ہو جاؤ جس طرح وہ ہوگئے۔” (بخاری)
ایک اور جگہ ارشاد فرمایا
:
“ اشرفیوں اور روپوں والے جھالر دار لباس والے سیاہ عبا والے سب گرے اور ہلاک ہوئے۔” (بخاری)
ایک اور جگہ ارشاد فرمایا :
“ اگر آدم کے بیٹے کے پاس مال کی دو وادیاں ہوں تو وہ تیسری کی تلاش میں مصروف ہوگا۔ اور آدم کے بچے کا پیٹ (یا آنکھ) مٹی کے سوائے کوئی چیز نہیں بھر سکتی۔”(بخاری)
پاک سر زمیں پر غلاظت اور
گندگی کے ڈھیر پر انتہائی غریب عوام کے بچوں ، بوڑھوں اور نوجوانوں کے موت کا
انتظار کرتے ہوئے لاشے نظر آنے لگے ہیں۔یہ قومی ہیومن ریسورس (Human
Resource) کی دولت ہیروئین اور دیگر منشیات کی نذر
ہوگئی۔ ان کے بدلے میں ڈرگ مافیہ معاشرہ کی سیاست اور معیشت پر چھا گیا اور وطن کو
پنجہ اغیار پھنسا گیا۔
وطن کے ایک پہاڑی درے آدم
خیل میں ہتھیار جہاد فی سبیل اللہ کے لیے
ذوق و جذبہ سے بنا کرتے تھے۔ اب قوم کی بد قسمتی ہے کہ شیطان نے اس پاکیزہ صنعت کا
رخ تخریب کاری اور ڈکیتی کی طرف موڑدیا۔اب اس سے ایک اور مافیا وجود میں آگیا ہے
یعنی ایک بلا دوسری بلا کو جنم دے رہی ہے۔ ان تمام مافیاؤں کی حرام رقومات سودی
دلدل کو ہولناک انداز میں گہرا کرتی چلی جارہی ہیں اور اللہ اور اس کے رسول اللہ ﷺ
سے پاکستان کی جنگ نہ صرف شدت اختیار کرتی جارہی ہے بلکہ اس کے ختم ہونے کے آثار
معدوم ہوتے جارہے ہیں۔
ایسی دولت کی بے بضاعتی کا اظہار مالک الملک اس طرح کرتے ہیں :“ یقین رکھو جن لوگوں نے کفر اختیار کیا اور کفر کی ہی حالت میں جان دی ان میں سے کوئی اگر اپنے آپ کوسزا سے بچانے کے لیے روئے زمین بھر کر بھی سونا فدیہ میں تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ ایسے لوگوں کے لیے دردناک سزا تیار ہے اور وہ اپنا کوئی مددگار نہ پائیں گے۔”( آل عمران :٩١)
کثیر تعداد میں پیدا ہونے
والی بلاؤں کے غول کے غول پوری قوم پر اپنی سودی دولت سے خدائی جنگ کی شدت بڑھانے
کی وجہ سے بے شمار مصائب کے بادل چھا گئے اور سود کے عظیم گناہ سے بچنے کا جو
داعیہ لوگوں کے دلوں میں وقتاًفوقتاً ان کے ایمان کے تقاضوں کی بنیاد پر پیدا
ہوتا رہا ، وائے افسوس ختم ہو چکا ہے۔ ١٩٨٠ کے عشرہ میں ایماندار طبقے نے اربوں
روپے اکل حلال کمانے کے ذرائع میں اپنی معیشت کو ترویج دینے کے لیے لگائے۔مگر ملک
کے سودی گماشتے گدھوں کی طرح ان پر ٹوٹ پڑے ۔ اب مہذب اور ترقی یافتہ اکیسویں صدی
کا دور دورہ ہے۔ بے شمار بوڑھوں ، یتیموں اور بیواؤں کی دنیا اجڑ گئی بلکہ ان اجڑے
ہوئے افراد میں سے بیشتر اللہ کو پیارے ہوگئے اور ایک نسل جوان ہوگئی۔ حکمران
بشمول عدل و انصاف مہیا کرنے والے ادارے منقار زیر پر رہے۔ ؎
ناطقہ بر سر گریبان ، اسے کیا کہئے
عالمی پیمانے پر سودی
گماشتوں کا آپس میں مضبوط گٹھ جوڑ ہوگیا۔ ملکی سطح پر ( جبکہ قدرت خداوندی ٤٠ سال
قبل ملک کو بطور سزا دو لخت کر چکی تھی) حرام مال بغیر کسی لیت و لعل کے حلال
کردیا گیا۔بالفاظ دگر کالا دھن سفید کرنا۔ ( Money Laundering )۔ اس طرح حرام کاری سے کمایا ہوا روپیہ حلال آمدنی پر غالب آگیا
، بڑھ گیا اور کافی بڑی مقدار میں ملک سے باہر فرار ہوگیا اور ہوتا چلا جارہا ہے۔
غیر ملکیوں کو کھلی آزادی ہے کہ وہ اس سرمایہ کو ملک کے اسٹاک ایکسچینج سے ایک مرکھنے بیل (Bullish) کی طرح یا برفانی ریچھ (
Bearish) کی مانند انتظار کرو اور ہڑپ کر جاؤ والی چالوں کے ذریعہ نکالے
ہوئے سرمایہ کو ملک سے باہر تحفظ دینے والے جزائر میں ان کا انبار لگا دیں ۔ کیا
یہ اپنے ہاتھوں اپنی جڑیں کھودنے کے مترادف نہیں۔ محاورةً کہا جاسکتا ہے کہ ؎ اس
گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے۔
برطانوی اصول قانون کی متابعت کرتے ہوئے
پاکستانی عدالت عُلیہ و عُظمیٰ نے نہ صرف سودی معاملات کو حلال کر رکھا ہے بلکہ
متعلقہ مقدمات کا رخ فوجداری قوانین سے نتھی کرنے کی بجائے دیوانی طریقہ کار کی
طرف موڑ دیا۔ شائد عدلیہ حالت تردد میں ہو کہ رب کائنات بہمراہ رسول اللہ ﷺنے
(بحوالہ آیت ٢٧٩ سورة بقرہ ) صرف الٹی میٹم پر اکتفا کیا ہو اور جنگ نہ چھیڑی ہو۔
معلوم ہونا چاہئے کہ خدائی افواج کی طاقت کیا ہے:“ اور تیرے رب کے لشکروں کو خود اس کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ “ (سورة المدثر : ٣١)
یعنی اللہ تعالیٰ نے اس
کائنات میں کیسی کیسی مخلوقات پیدا کر رکھیں ہیں اور ان کو کیا کیا طاقتیں بخشی
ہیں اور ان سے وہ کیا کیا کام لے رہا ہے ، ان تمام باتوں کو اللہ کے سوا کوئی نہیں
جانتا۔ ایک چھوٹے سے کرہ زمین پر رہنے والا انسان اپنی محدود نظر سے اپنے گرد و
پیش کی چھوٹی سی دنیا کو دیکھ کر اگر اس غلط فہمی میں مبتلا ہو جائے کہ خدا کی
خدائی میں بس وہی کچھ ہے جو اسے اپنے حواس یا اپنے آلات سے محسوس ہوتا ہے ، تو یہ
اس کی اپنی ہی نادانی ہے۔ وگرنہ تو اس خدائی کا کارخانہ تو اتنا وسیع اور عظیم ہے
کہ اس کی کسی ایک چیز کا بھی پورا علم حاصل کرلینا انسان کے بس میں نہیں ہے کجا یہ
کہ اس کی ساری وسعتوں کا تصور بھی اس کے چھوٹے سے دماغ میں سما سکے۔
آج سے ٣٩ سال قبل پاکستان
کے متفقہ آئین میں نہ صرف اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو مقتدر اعلیٰ تسلیم کیا گیا ہو
بلکہ ریاست کا دین بھی اسلام کو متعین کیا گیا ہو ، پھر سود سے پیچھا چھڑانے کا
جتن تک نہ کرنا اور مالک الملک کے غضب کو بھڑکانا اپنی پوری قوم اور ملک کو جلد از
جلد تباہی کے مہیب غار میں دھکیلنے کا موجب نہیں ہے تو اور کیا ہے۔ سب سے پہلا قدم
ایک حکمران کے لیے عموما ً اور ایک منصف اعلیٰ کے لیے خصوصاً یہ سمجھنے کے لیے
ضروری ہے کہ حلال (قانونی Legal/Judicial ) اور حرام (Void/Abinitio) کے مُطلق اختیارات صرف باری تعالیٰ کے ہیں ۔ قرآنی فیصلہ حسب ذیل
ہے:
“ اور یہ جو تمہاری زبانیں جھوٹے احکام لگایا کرتی ہیں کہ یہ حلال ہے اور وہ حرام ، تو اس طرح کے حکم لگا کر اللہ پر جھوٹ نہ باندھا کرو۔ جو لوگ اللہ پر جھوٹے افتر ا باندھتے ہیں وہ ہر گز فلاح نہیں پاتے۔ دنیا کا عیش چند روزہ ہے۔ آخر کار ان کے لیے درد ناک سزا ہے۔”( سورة النحل:١١٦- ١١٧)
مندرجہ بالا آیات صاف
تصریح کرتی ہیں کہ اللہ کے سوائے کوئی تحلیل و تحریم کا حق نہیں رکھتا۔ یا بہ
الفاظ دیگر ، قانون ساز صرف اللہ ہے۔ دوسرا کوئی بھی ادارہ جو جائز اور نا جائز کا
فیصلہ کرے گا وہ اپنی حد سے تجاوز کرے گا الا یہ کہ وہ قانون الٰہی کو سند مان کر
اسکے فرامین سے استنباط( Deduce) کرتے ہوئے یہ کہے فلاں
چیز اور فلاں فعل جائز ہے اور فلاں ناجائز۔ ایک خود مختارانہ تحلیل و تحریم کو
اللہ پر جھوٹ اور افترا اس لیے فرمایا گیا کہ جو شخص اور ادارہ اس طرح کے احکامات
لگاتا ہے اس کا یہ فعل دو حال سے خالی نہیں ہوسکتا۔ اولا ً وہ اس بات کا دعوی کرتا
ہے کہ جسے وہ کتاب الٰہی کی سند سے بے نیاز ہو کر جائز یا ناجائز کہ رہا ہے اسے خود
اللہ نے جائز اور ناجائز ٹھہرایا ہے۔ ثانیا ً یہ کہ اس کا دعویٰ ہے کہ اللہ نے
تحلیل و تحریم کے اختیارا ت سے ( نعوذ
باللہ) دست بردار ہوکر انسان کو خود اپنی
زندگی کی شریعت بنانے کے لیے آزاد چھوڑ دیا ہے۔ان میں سے جو دعویٰ بھی کیا جائے وہ
لا محالہ جھوٹ اور اللہ پرافترا ہے۔
((جاری
ہے۔۔۔۔۔))
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنی رائے دیجئے