جریدہ "الوقعۃ" کراچی
جمادی الثانی ١٤٣٣ھ /اپریل مئی ٢٠١٢ء
(اداریہ)
محمد تنزیل الصدیقی الحسینی
مسلمانوں کا انتشارِ خیال --اور -- اتحاد امت کا چیلنج (اداریہ)
اس وقت تیسری عالمی جنگ جاری
ہے ۔ شیطانی گماشتوں کو اس بات کا احساس بہت پہلے ہوچکا تھا کہ دنیا کی ہر تہذیب
اور دنیا کا ہر مذہب ان کے سامنے سرنگوں ہوجائے گا ، سوائے اسلام کے ۔ کیونکہ
اسلام جو فلسفۂ حیات پیش کرتا ہے وہ نہ محض چند رسوم و اعمال کا مجموعہ ( یعنی
مذہب ) ہے اور نہ ہی محض چند اخلاقی و سماجی تعلیمات کی ترغیب دینے والی کوئی
تہذیب ہے ۔ اسلام جو فلسفہ پیش کرتا ہے اسے ہم قرآنی اصطلاح میں '' الدین '' کہہ
سکتے ہیں ۔ دین کا تعلق انسان کے افکار و نظریات سے بھی ہے اور اعمال و عادات سے
بھی ۔ زندگی کا ہر ہر گوشہ اور ہر گوشے کا ہر ہر پہلو دائرہ دین میں داخل ہے ۔