بدھ، 12 دسمبر، 2012

خطبۂ حج۔ شیخ عبد العزیز آل الشیخ حفظہ اللہ کا مسجد نمرہ سے اہم اور تاریخی خطاب

جریدہ "الواقۃ" کراچی، شمارہ  7  ذوالحجہ 1433ھ/ اکتوبر ، نومبر 2012

رپورٹ: محمد آفتاب احمد

خطبۂ حج
شیخ عبد العزیز آل الشیخ حفظہ اللہ
کا مسجد نمرہ سے اہم اور تاریخی خطاب

امام کعبہ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مسجد نمر ہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ جمہوریت سے اسلامی نظام لاکھ درجے بہتر ہے۔تمام امور میں شریعت کی پیروی لازم ہے، کسی کو اختیار نہیں کہ وہ رسول اللہ ﷺکے فیصلوں کے خلاف کام کرے۔آزادی اظہاررائے اورجمہوریت کے نام پر اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، اسلام میں جبر اور سختی نہیں پیار و محبت ہے۔ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں،مسلمانوں کے بہت سے دشمن ہیں، ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ دنیا میں شر کی قوتیں بالادست ہیں، ہر طرح کے تشدد کو روکنا ہوگا۔ امت مسلمہ میں اخلاقی برائیاں پیدا ہوگئی ہیں۔اللہ سے ڈریں، تقویٰ اختیار کریں، عقیدہ توحید پر چلتے ہوئے اولاد کی پرورش کریں۔مسلمان متحد ہوں، ایک دوسرے کی مدد اور معاونت کریں۔اسلامی تعلیمات کو رواج دینا ہوگا، امت مسلمہ کو اقتصادی قوت میں ڈھالنا ہوگا۔


حج کا رکن اعظم ادا ہوگیا۔عازمین بدھ کی رات رات بھر منیٰ میں قیام اورجمعرات کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعدلبیک اللّٰھم لبیک کی صدائیں لگاتے ہوئے دیوانہ وار میدان عرفات کے لیے روانہ ہو ئے۔ عازمین بسوں، ویگنوں اور گاڑیوں کے علاوہ خصوصی طور پر چلائی گئی ٹرین کے ذریعے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوئے۔منیٰ سے عرفات کے درمیان کا فاصلہ تقریباً 14 کلومیٹر ہے مگر پے پنا ہ رش کے باعث بڑی تعداد میں عازمین پیدل بھی میدان عرفات پہنچے۔

امام کعبہ نے فرمایا کہ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں۔ اے لوگو! اللہ سے ڈرتے رہو، تقوی اور ہدایت کی راہ اپناؤ۔ اے لوگو! قیامت کے دن سے ڈرتے رہو، اللہ سے ڈرتے رہو اور راہ ہدایت اختیا ر کرتے رہو۔شرک کو کسی بھی صورت اختیار نہ کیا جائے۔ توحید کا پیغام یہ ہے کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کی جائے ۔ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے، دنیا کی برائیوں کا ڈٹ کا مقابلہ کیا جائے۔ اسلام میں جبر اور ظلم کی کوئی گنجائش نہیں۔ آج یہاں سب مسلمان ہیں کوئی قوم نہیں، ہمیں چاہیے کہ تمام تعصبات ختم کردیں۔شریعت کے خلاف باتیں مخالفین کا پراپیگنڈا ہے۔ اظہار رائے کی آڑ میں اسلامی حدود کے خلاف باتیں ہوتی ہیں۔ مسلمان باہر کے بینکوں سے نکال کر اپنی دولت اپنے معاشروں میں لائیں۔ مسلمانوں کو اپنی مشکلات اپنے وسائل سے حل کرنا ہوں گی۔ مسلمان اپنے عقیدے کی حفاظت کریں، اللہ کا ذکر بڑی بات ہے۔ نبی کریم ﷺکی تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اسلام کا پیغام توحید کا پیغام ہے۔ توحید کا پیغام ہے کہ اللہ کی عبادت کریں اور کسی کی نہیں، اللہ ایک ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں، اللہ اپنی ذات اور صفات میں واحد ہے، ہماری زندگی اور ہماری موت اللہ کے لیے ہے۔ اسلام کا پیغام سب سے افضل ہے ۔ اللہ تعالیٰ اور مخلوق کا رابطہ براہ راست ہے، اس کا کوئی وسیلہ نہیں۔ مسلمان کا حق ہے کہ وہ توحید پر کاربند رہے اور اسی پر چلتے ہوئے اپنے اولاد کی پرورش کرے۔ اللہ کے سوا کسی اور کو حاجت روائی کے لیے پکارنا گمراہی ہے اورصرف ایک اللہ کی عبادت کی جائے ۔

شیخ عبدالعزیز نے کہا کہ خودکشی حرام ہے، خودکشی کرنے والے کی مغفرت نہیں ہوگی۔ مسلمان اللہ کے ساتھ کسی کو ہرگز شریک نہ ٹھہرائیں۔ مومن کی نشانی ہے کہ اس کی ذات سے کسی مسلمان کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ اپنے درمیان اختلافات کم کرو، اللہ کی توحید کی راہ اپنا کر ہی ہم اس میں دنیا میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ خطبہ حج میں انہوں نے فرمایا کہ اسلام کے سوا کوئی اور دین قبول نہیں کیا جائے گا، دین وہی ہے جو نبی کریم ﷺ نے دیا، اس دین میں نہ قبیلہ ہے نہ خاندان۔ ہمیں ہر طرح کے تشدد کو روکنا ہوگا۔ ہمیں اپنے اخلاق کو سنوارنے کے لیے محمد ﷺ کی سنتوں کو اپنانا ہوگا۔ امت مسلمہ میں اخلاقی برائیاں پیدا ہوگئی ہیں۔ تمام وسال کو اگر جمع کرلیا جائے تو مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے، معاشی اور اقتصادی مسائل بھی مسلمان مل کر ہی حل کرسکتے ہیں، سیاسی مشکلات کا حل بھی مسلمان نکال سکتے ہیں۔

عالم اسلام کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ مسلمانوں کے بہت سے دشمن ہیں جن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا اور امت مسلمہ پرلازم ہے کہ وہ باہمی تعاون کوفروغ دے کر اورایک دوسرے کا احترام کریں۔ آج عالم اسلام مسائل اور مشکلات میں گھرا ہوا ہے، تمام مسائل سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے، حکمران شریعت پر عمل کرنے کے لیے حالات ساز گار بنائیں۔مسلمان اپنے تجربات اور وسائل ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں۔ مسلمان عقیدہ توحید پر چلتے ہوئے اپنی اولاد کی پرورش کریں۔ جادو امت مسلمہ کا اہم مسئلہ ہے ، اس نے لوگوں کو گمراہی میں مبتلا کردیا ہے۔ اللہ سے ڈریں اور تقویٰ اختیار کریں، اسلام سب سے بہترین ضابطہ اخلاق ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اگر وہ ترقی کرنا چاہتے ہیں تو ٹیکنالوجی کی طرف جائیں۔ مسلمانوں کی بقا کے لیے ایسا کرنا بہت ضروری ہے۔ امت مسلمہ غربت کا شکار ہے،اس کی ترقی کے لیے باہمی یکجہتی اور اخوت کو فروغ دینا ہوگا۔ وسائل کو مسلمانوںکی ترقی اور بہبود پر خرچ کرنا چاہیے۔ مسلمانوں کو پورے وسائل سے استفادہ اور ان میں اضافہ بھی کرنا چاہیے۔ مال حلال ذریعے سے کمایا جائے اور ایسے خرچ کیا جائے جیسے ہمیں حکم دیا گیا ہے۔

امام کعبہ نے مزید کہا کہ حضورﷺ رحمت اللعالمین ہیں ۔دین کا آغاز اللہ کی توحید پر ایمان لانے سے ہوتا ہے ، تمام انبیا علیہم السلام کی رحمت و رسالت پر مسلمان یقین رکھتے ہیں ، نبی اکرمﷺ کے قائم کردہ معاشرے کے مطابق ہم کو اپنی زندگی بسر کرنا ہوگی، یہ شریعت زمان و مکاں کی پابندی سے بالاتر ہے،محمد ﷺ آخری رسول ہیں اور آپ کی شریعت افضل اور بہتر ہے۔ ہم پر واجب ہے کہ ہم ایک دوسرے کا احترام کریں۔ نبی پاک ﷺ کا ارشاد ہے شریعت کو اپنائے رکھو اور اس پر عمل کرو ، نہ صرف حضورﷺ کی سنت کو اپنائیں بلکہ خلفہ راشدین کے طریقہ کار کو بھی اپنائیں ۔ آج کل عالم اسلام مشکلات میں گھرا ہوا ہے ، بہت سارے لوگ ہلاک ہورہے ہیں اور دنیا کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے ۔ امت مسلمہ پر لازم ہے وہ باہمی تعاون کو فروغ دیں اور اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں۔تمام امور میں اسلامی شریعت کی پیروی کرنا لازمی ہے اورکسی کو اختیار نہیں کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے فیصلوں کے خلاف کام کرے،اللہ تعالی سودی کاروبارکو ناپسند کرتا ہے ۔ اسلام کے بنیادی احکامات پر عمل کرکے ہی ہم دین ودنیا میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔میں دعا گو ہوں اللہ تعالی آپ کی عبادت اور دعاؤں کو قبول فرمائے۔(آمین )

  
ٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓٓ

حج کے لیے آنے والے مہمانوں سے خادم الحرمین الشریفین کا اہم خطاب


سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین عبداللہ بن عبدالعزیز نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام سماوی مذاہب اور انبیاء کی اہانت کی مذمت پر مبنی قانون تشکیل دے۔ سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر دنیا بھر سے حج کے آنے والے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امت اسلامیہ کی اپنی خود احتسابی دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین میں غلو، جہالت اور خرابی پیدا کرنے جیسے معاملات مسلمانوں کی امیدوں کے قاتل ہیں۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مذاکرات اعتدال کو بڑھاتے ہیں، ان کے ذریعے باعث نزاع امور، انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکہ میں شروع کیے گئے اسلامی مذاہب کے درمیان مکالمے کے مرکز کا مطلب تمام عقائد کا اتفاق نہیں بلکہ اس مرکز کی اصل روح یہی ہے کہ مختلف عقائد اپنے اپنے دائرے میں رہتے ہوئے زندگی کے معاملات کریں۔سعودی فرمانروا نے اسلام اور نبی اسلام کی شان میں گستاخی پر مبنی امریکی فلم کی مذمت کرتے ہوئے مملکت میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کو حکم دیا کہ وہ ان تمام لنکس اور روابط کو بند کر دیں جن کے ذریعے ممکنہ طور پر مذموم فلم تک رسائی ممکن ہے۔انہوں نے یو ٹیوب سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ویب سائٹ سے اس مذموم فلم کے کلپس کو فوری طور پر ہٹا دے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنی رائے دیجئے