اتوار، 25 نومبر، 2012

توہین رسالت اور مغرب کا اندازِ فکر

جریدہ "الواقۃ" کراچی، شمارہ  (5 / 6 )  شوال، ذیقعد  1433ھ/   ستمبر، اکتوبر 2012

محمد تنزیل الصدیقی الحسینی

توہین رسالت ﷺ اور مغرب کا اندازِ فکر (1)

رسالتمآب کی توہین و تنقیص کا جو سلسلہ مغرب یا عیسائی دنیا کی جانب سے جاری ہے ، اس اندازِ فکر کا تاریخی تجزیہ کرنا نہایت ضروری ہے ۔ اس دریدہ ذہنی کے مختلف عوامل ہیں ۔ مسلمانوں کے مقابل میدانِ جنگ میں شکست کی ذلت ، اسلام کی غیر معمولی نشر و اشاعت کے سامنے اپنی بے بسی ،مسلمانوں کی اخلاقی وسعت کے سامنے اپنی برہنہ تہذیب کا احساس اور ان سب سے بڑھ کر سیرتِ محمدی کی حیرت انگیز روحانی تاثیر ۔ یہ وہ عوامل ہیں جو ان کی طبیعتوں پر اسلام کے حوالے سے جھنجھلاہٹ ، ہٹ دھرمی اور عامیانہ پن پیدا کردیتے ہیں ۔


مغرب میں توہینِ رسالت کا مختصر تاریخی جائزہ

مغربی دنیا نے ابتدا میں مسلمانوں کے مقابل مسلسل ناکامی پر اپنی بے بسی کا اظہار مسلمانوں کے لیے بدنما القاب رکھ کر کیا ۔ چنانچہ مسلمانوں کو بت پرست Pagan، ملحد Saracen / Infidel وغیرہا القاب سے نوازا گیا ۔ آخری اصطلاح سے متعلق بعض مستشرقین نے بڑی دلچسپ حاشیہ آرائیاں کی ہیں جن سے ان کی '' وسعتِ ظرف و اخلاق '' کابخوبی احساس ہوتا ہے ۔ مسلمانوں کے خلاف کلیسا کے شدت پسندانہ پروپیگنڈا کا اندازہ اس مقولے سے لگایا جا سکتا ہے :
" The only good Saracen is a dead Saracen."
اس تحریکِ منافرت ہی کے نتیجے میں مسلمانوں کو زوالِ اسپین کا صدمہ برداشت کرنا پڑا ۔ مغرب میں انتہائی وسیع پیمانے پر مسلمانوں کو شہید کیا گیا ۔ عیسائی دنیا کے جذبات بھڑکانے کے لیے بے شمار پادریوں کو فرضی داستانوں میں مسلمانوں کی تلوار سے قتل کروایا گیا ۔ لطف یہ ہے کہ آرڈر بلیو سدرن R.W.Southern نے اوتو آف فریزنگ کے حوالے سے لکھا ہے :
'' آرچ بشپ تھیمو کو مسلمانوں نے اس لیے قتل کر ڈالا کہ اس نے قاہرہ میں ان کے بتوں کو توڑ ڈالا تھا۔" (بحوالہ اسلام ، پیغمبر اسلام اور مستشرقینِ مغرب کا اندازِ فکر : ١٨٣)
کجا مسلمان ، کجا اصنام پرستی !

معاندانہ جذبات سے مغلوب ہوکر علوم اسلامیہ کا جائزہ لینے کے لیے تحریکِ استشراق کا آغاز کیا گیا ، جس کا مقصدِ اوّلین پیغمبر اسلام پر دشنام طرازی کے لیے '' نئی علمی و تاریخی راہوں '' کی تلاش تھا ۔

پہلے پہل جس مسیحی عالم نے اسلامی علوم و فنون کو اپنا مرکز توجہ ٹھہرایا ۔ وہ یوحنّا دمشقی تھا ۔وہ شام کے ایک عرب عیسائی گھرانے میں ٦٧٦ء کو پیدا ہوا ، اس نے مدارسِ اسلامیہ میں تعلیم کے مراحل طے کیے ۔ اسے عربی زبان پر مکمل عبور حاصل تھا اور اسلامی تہذیب و ثقافت سے وہ بخوبی آشنا تھا ۔ اسلام کے خلاف اس کی کتاب Cocerning Heresy Haireseon کا دسواں باب ہے ۔ اس زمانے میں مسلمانوں کو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی طرف نسبت دیتے ہوئے عیسائی حضرات اسماعیلی کہتے تھے ۔ چنانچہ اس کی کتاب میں مسلمان کی بجائے اسماعیلی کی اصطلاح ملے گی ۔ اس کا انتقال ٧٤٩ء کو بیت المقدس کے اطراف میں واقع ایک مقام بارسبا میں ہوا ۔ اگرچہ اس کا تعلق شام سے تھا مگر بقول ڈاکٹر محمود احمد غازی :
"اس کی تحقیقات کا استشراق میں بڑا اہم مقام حاصل ہے ۔ اس نے اسلام کے بارے میں جو کچھ لکھا ، قرآن مجید کے بارے میں جو کچھ لکھا اور حضور علیہ الصلوةٰ و السلام کی ذات گرامی کے بارے میں جو کچھ لکھا وہ ایک طویل عرصے تک مغربی ماہرین اور مغربی اہلِ علم کے لیے بہت بڑا مآخذ و مصدر رہا ۔ اس کی تحریروں کا لاطینی زبان میں ترجمہ بھی ہوا ۔ لاطینی زبان سے دوسری مغربی زبانوں میں اس کے خلاصے ہوئے اور جو تصورات اس نے قائم کیے تھے ، جن خیالات کا اس نے اظہار کیا تھا ، انہوں نے ایک طویل عرصے تک مغرب کے اہلِ علم کو متاثر کیا ۔ اور وہ غلط فہمیاں یا شکوک و شبہات جو یوحنا دمشقی نے پیدا کیے تھے ، طویل عرصے تک دُہرائے جاتے رہے ۔ '' (خطبات کراچی : ٢٥٠)
مغربی دنیا یوحنا دمشقی کے پھیلائی ہوئی غلط فہمیوں سے بری طرح متاثر ہوئی اور اسلام ، عقائدِ اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف ان کے زاویۂ فکر و نگاہ میں مزید ابتری آئی ۔ صلیبی جنگوں نے یورپ کو اسلام کے خلاف مزید متعصب بنا دیا ۔ ایسے ایسے شرمناک الزامات انہوں نے نبی کریم کی ذات اقدس پر عائد کیے کہ جس کا ذکر بھی انسانیت کے لیے باعثِ تذلیل ہے ۔ یہ تعصب و عناد صرف عوامی سطح تک محدود نہیں تھا بلکہ تعلیم یافتہ اور اعلیٰ دماغ کے افراد بھی اسلام اور پیغمبر اسلام کے لیے یکساں مزاج رکھتے تھے ۔

اطالوی زبان کا سب سے بڑا شاعر دانتے الیگری Dante Alighieri ( ١٢٦٥ء -١٣٢١ء ) عالمی ادبیات میں نمایاں مقام کا حامل تھا ۔ مگر نبی کریم کے بارے میں اس کے خیالات نہایت عامیانہ تھے ۔ اس کی مشہورِ زمانہ کتاب Divine Comedy ( طربیہ خداوندی ) مختلف زبانوں میں منتقل ہوچکی ہے ۔ اردو میں بھی اس کا ترجمہ ہوا ہے ۔ اس کتاب میں اس نے اپنے ایک روحانی سفرنامے کا تذکرہ کیا ہے ۔ یہ خیال بھی اس کا اپنا نہیں بلکہ مسلمانوں سے اخذ کردہ ہے ۔ نبی کریم کے سفرِ معراج سے وہ واقف تھا ۔ اسی طرح شیخ ابن عربی نے بھی ایک روحانی سفرنامہ لکھا ہے ۔ ابن عربی کا تعلق اسپین سے تھا ۔ ان کی تحریروں سے مغربی مفکرین واقف اور آگاہ تھے ۔ الغرض دانتے کا یہ '' عظیم شاہکار '' بھی مسلمانوں ہی کے علمی ورثے کا نتیجہ ہے ۔ لیکن مسلمانوں سے اس کی نفرت و عداوت ملاحظہ ہو ۔ اس تخیلاتی سفر میں وہ جنت بھی گیا اور دوزخ بھی۔ وہاں اس نے نبی کریم کو بھی دیکھا اور جو کچھ خرافات اس کے دماغ میں تھے وہ سب اس نے نبی کریم کی ذات گرامی سے منسوب کیا ۔

مارٹن لوتھر Matin Luther ( ١٤٨٣ء -١٥٤٦ء ) کو اگرعیسائی مغرب کا سب سے بڑا مصلح قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہوگا ۔ یہ عیسائیوں کے مشہور فرقے پروٹسٹنٹ Protestant کا بانی تھا ۔ عیسائی مذہب میں اصلاحِ مذہب کی تاریخ مارٹن لوتھر سے شروع ہوتی ہے ۔ اس نے جو اصلاحات کیں ۔ وہ سب اسلام ہی سے اخذ کردہ ہیں ۔ مثلاً اللہ اور بندے کے درمیان کوئی واسطہ نہیں ، اللہ براہِ راست اپنے بندے کی سنتا ہے ۔ آسمانی کتابوں میں تبدیلی کا حق کسی کو حاصل نہیں ۔تمام انسان پیدائشی اعتبار سے برابر ہیں ، کسی کو کوئی وجۂ امتیاز حاصل نہیں۔ پوپ اللہ اور بندے کے درمیان وسیلہ نہیں ہے ۔ یہ وہ تعلیمات ہیں جو سب سے پہلے اسلام نے پیش کیں ۔ لیکن اپنے دور کی نفرت انگیز ماحول سے وہ انگیز فقرے کستا تھا ۔ اس کی بانسری سے وہی ساز نکلتا تھا جو عرصہ سے مغربی علماء و مفکرین نکال رہے تھے ۔

ولیم شیکسپیئر William Shakespeare      ( ١٥٦٤ء -١٦١٦ء ) جسے مغربی دنیا ، دنیا کا سب سے ڈرامہ نگار قرار دیتی ہے ۔ جس کی ادبیات انگریزی ادب کی جان ہیں ۔ وہ بھی اسلام کے بارے میں اپنے عہد و ماحول کے تصورات سے مغلوب رہا ۔ اس کے ایک ڈرامے میں Mohamet کے نام سے ایک کردار ہے جسے اس نے تمسخر کا نشانہ بنایا ہے ۔

مشہور فرانسیسی شاعر ، ادیب ، فلسفی اور ڈرامہ نگار والٹیئر Francois Marie Arouet Voltaire ( ١٦٩٤ء - ١٧٧٨ء ) نے ایک ڈرامہ لکھا "Fanaticism or Mohamet"  فیناٹک ازم کا مطلب ہے پاگل پن ، دیوانگی ۔ اس ڈرامے پر اس دور کے پوپ نے والٹیئر کو مبارکباد کا خط لکھا ۔ اس سے اندازہ لگائیے کہ اٹھارویں صدی میں یورپ کی علمی و مذہبی زندگی کا کیا حال تھا ۔

بایں ہَمہ یہ چھ سات سو سالہ دور ہے جسے خود اہل یورپ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ جہل و تاریکی کا دور ہے ، تحقیق و مطالعے پر مبنی نہیں ۔ لیکن جب یورپ میں زمانۂ تحقیق شروع ہوا تو علم و تحقیق کے نام پر تعصب و عناد کی ملمع کاری کی گئی ۔ اٹھارویں صدی ہی میں خیال غالب ہوا کہ مضحکہ خیز اعتراضات سے گریز کرنا چاہیئے ۔ مثلاً پالتو کبوتر کے ذریعے نبی کریم کی وحی رَسانی کی کوششیں ، مسلمانوں کی بت پرستی کا فسانہ وغیرہا۔

مغرب میں عظمتِ محمدی کا اعتراف

اٹھارویں صدی کا عظیم جرمن شاعر گوئٹے Johann Wolfgang von Goethe (١٧٤٩ء -١٨٣٢ئٍ)پہلا مغربی فرد ہے جس نے عظمتِ محمدی کا بَرملا اعتراف کیا ۔

گاڈ فرے  ہیگن Godfrey Higgins (١٧٧٢ئ-١٨٣٣ء ) اپنے دور کا سماجی رہنما ، ادیب اور ماہر آثار قدیمہ تھا ۔ اس نے نبی کریم پر عائد کردہ مغربی الزامات کی تردید میں "An Apology for The Life and Character of the Celebrated Prophet of Arabia, called Mohamed or The Illustrious" لکھی ۔ یہ کتاب لندن سے ١٨٢٩ء میں شائع ہوئی ۔ اس میں اس نے متعدد غلط فہمیوں کو دور کیا ۔ مثلاً
"It is a very great mistake to suppose that the Mohamedan religion was propagated by the sword alone." ) page:53 (
'' یہ بہت بڑی غلطی ہے کہ یہ سمجھا جائے کہ محمڈن مذہب ( اسلام ) صرف تلوار کے زور سے پھیلا ہے ۔''
سرسیّد احمد خان نے بھی '' خطبات احمدیہ'' میں گاڈ فرے  ہیگن کی اس کتاب کی تعریف کی ہے ۔

 تھامس کارلائل Thomas Carlyle ( ١٧٩٥ء - ١٨٨١ء ) وہ پہلامغربی فلسفی ہے جس نے نہایت قوت کے ساتھ اپنے لیکچرز میں نبی کریم پر عائد کردہ بعض مغربی الزامات کی تردید کی ، اس نے بَرملا کہا :
"حضرت محمد ( ) کے متعلق ہمارا موجودہ قیاس بالکل بے بنیاد ہے کہ آپ ( ) دغا باز اور کذبِ مجسم تھے اور آپ کا مذہب محض فریب و نادانی کا ایک مجموعہ ہے ، کذب و افترا کا وہ انبارِ عظیم جو ہم نے اپنے مذہب کی حمایت میں اس ہستی کے خلاف کھڑا کیا خود ہمارے لیے شرم ناک ہے ۔"
جب پوکاک نے گروٹی بس سے پوچھا :
"ہمارے اس قصے کے متعلق کیا ثبوت ہے کہ محمد ( ) نے ایک کبوتر سدھا رکھا تھا ، جو ان کے کانوں سے مٹر کے دانے چنا کرتا اور جسے وہ کہتے کہ فرشتہ وحی لایا ہے ؟"
 تو گروٹی بس نے جواب دیا :
"اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ ''اب دراصل وہ وقت آ پہنچا ہے کہ اس قسم کی مہمل باتیں چھوڑ دی جائیں، اس شخص (   کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ آج بارہ سو برس سے اٹھارہ کروڑ انسانوں کے حق میں شمع ہدایت کا کام دے رہے ہیں ، یہ اٹھارہ کروڑ انسان بھی ہماری طرح خدائے تعالیٰ کے دست قدرت کا نمونہ تھے ۔ بندگانِ خدا کی بیشتر تعداد آج بھی کسی اور شخص کے بہ نسبت محمد   ) کے اقوال پر اعتماد رکھتی ہے ، کیا ہم کسی طرح اسے تسلیم کرسکتے ہیں کہ یہ سب روحانی بازی گری کا ایک ادنیٰ کرشمہ تھا جس پر اتنے بندگانِ خدا ایمان لائے اور گزر گئے ؟ اپنی حد تک تو میں ایسا قیاس نہیں قائم کرسکتا ، اسے ماننے سے پہلے میں بہت سی بعید از قیاس باتوں کوتسلیم کرلوں گا ، اگر اس دنیا میں مکر و فریب اس قدر فروغ پا سکتا ہے تو سمجھ میں نہیں آتا کہ ایسی دنیا کے متعلق کیا رائے قائم کی جائے ۔" (سیّد الانبیاء ( تھامس کارلائل کی کتاب '' ہیروز اینڈ ہیرو ورشپ '' کے دوسرے لیکچر کا اردو ترجمہ از قلم محمد اعظم خاں ) ص : ٢٣-٢٥، مطبوعہ کاروانِ ادب کراچی ١٩٥١ء)"

امریکی مصنف جان ڈیون پارٹ John Davenport (١٧٨٩ء -١٨٧٤ء) نے
 "An Apology for Mohammed and The Koran"
 لکھی۔ یہ کتاب لندن سے ١٨٦٩ء میں شائع ہوئی ۔ یہ کتاب چار ابواب پر مشتمل ہے ۔
1. Mohammed   : A Biography.
2.  The Koran and its Morality.
3.  Charges against Mohammed Refuted.
4.  Beauties of The Koran.
کتاب کی ابتدا ہی میں اس نے عظمتِ محمدی کی ایک بڑی خوبصورت دلیل پیش کی ہے ۔ اس نے لکھا ہے :
"what the Arabs were before Mohammed's appearance and what they became after it."
'' محمد ( ﷺ) ) سے پہلے عرب کیا تھے اور ان کے بعد کیا ہوگئے ۔''
ماضیِ قریب میں اعترافِ عظمتِ محمدی کی ایک انتہائی جاندار کوشش ہمیں امریکی مصنف مائیکل ہارٹ Michael H.Hart ( ولادت ١٩٣٢ء ) کی کتاب
 "The 100, A Ranking of the most Influential Persons in Histrory"
میں نظر آتی ہے ۔ جس میں اس نے دنیا کی ١٠٠ اثر آفریں شخصیات میں محمد کو پہلے نمبر پر شمار کیا ہے ۔ یہ کتاب ١٩٧٨ء میں نیویارک سے منظرِ شہود پر آئی ۔ ایک عیسائی ہونے کے باوجود سے اس نے دنیا کی بڑی شخصیات میں نبی کریم کو عیسیٰ علیہ السلام سے بھی بلند مقام دیا ۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے وہ لکھتا ہے :
"My choice of Mohammad to lead the list of the world's most influential persons may surprise some readers and may be questioned by others, but he was the only man in history who was supremely successful on both the religious and secular levels........Today, thirteen centuries after his death, his influence is still powerful and pervasive." ( page:33 (
''دنیا کے انتہائی با ثر افراد کی فہرست کی قیادت کے لیے میرا انتخاب محمد ( ) ہیں ۔ممکن ہے میرا انتخاب بعض قارئین کو ورطۂ حیرت میں ڈال دے اور بعض سوال کرنے پر مجبور کردے ۔ لیکن یہ تاریخ کی واحد شخصیت ہیں جو دونوں سطحوں یعنی مذہبی اور سیکولر اعتبار سے انتہائی کامیاب رہے ۔ ....... آج جبکہ ان کی وفات کو ١٣ صدیاں بیت چکی ہیں ۔ ان کا اثر آج بھی طاقتور اور وسیع ہے ۔ ''
ان مغربی اہلِ علم کی روشن ضمیری اپنی جگہ ان کے بعد گو ساز وہی رہے ، تاہم سروں میں فرق آگیا، چنانچہ یہ روش اختیار کی گئی کہ نبی کریم کی بعض خوبیوں کا اعتراف کیا جائے اور ساتھ اس اعتراف کو غیر مؤثر بنانے کے لیے کچھ ایسی غیر حقیقی توجیہ بھی کردی جائے جو پڑھنے والوں پر فضیلتِ محمدی عَیاں نہ ہونے دے ، مثال کے طور پر آر ،اے ،نکلسن Reynold Alleyne Nicholson (١٨٦٨ء -١٩٤٥ئ) نے پامر Edward Henry Palmer (١٨٤٠ئ-١٨٨٢ئ)کے ترجمہ قرآن پر جو دیباچہ لکھا ہے اس میں جناب رسولِ کریم کے خلوص کو تسلیم کیا ہے ، تاہم یہ کہنے سے بھی بازنہ رہ سکا :
'' جب حالات کے جبر کے تحت پیغمبر   ) ایک حکمراں اور قانون ساز میں ڈھل گئے ، تو بھی یہ ایک نفسیاتی ضرورت تھی کہ وہ خود کو الہامی پیغامات کا منتخب ذریعہ سمجھتے رہیں ۔ ''   (بحوالہ اسلام ، پیغمبر اسلام اور مستشرقینِ مغرب کا اندازِ فکر : ١٦٤)
جاری ہے 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنی رائے دیجئے