ہفتہ، 27 جولائی، 2013

تبصرہ کتب: اہل علم کے خطوط

جریدہ "الواقۃ" کراچی، شمارہ 12-13، جمادی الاول، جمادی الثانی 1434ھ/ مارچ، اپریل 2013

تبصرہ کتب: اہل علم کے خطوط

مرتب : محمد یوسف نعیم
طبع اوّل : دسمبر ٢٠٠٧ئ-١٢٨صفحات-غیرمجلد
قیمت : ٨٠ رُپےناشر:عبد الرحمان دارالکتاب کراچی

اہلِ علم کے خطوط کی ترتیب و تدوین اربابِ ذوق کا پسندیدہ موضوع رہا ہے ۔ بسا اوقات ان میں ایسے عمدہ علمی نکات اور مختلف اہل علم کی اپنے مخصوص افکار و نظریات سے متعلق اہم تصریحات مل جاتی ہیں جو ضخیم کتابوں کی ورق گردانی سے بھی حاصل نہیں ہوتی ہیں ۔ زیرِ تبصرہ تالیف بھی اسی نوعیت کی ایک کاوش ہے جس کے فاضل مرتب جناب محمد یوسف نعیم نے اپنے نام آنے والے مختلف اہلِ علم کے مکاتیب کو جمع کیا ہے ۔

کتاب ٣ حصوں پر منقسم ہے پہلے حصے میں ان اہلِ علم کے خطوط ہیں جنہوں نے مرتب کے نام اپنے مکاتیب روانہ کیے ۔ جن میں مولانا حافظ عبدالمنان نور پوری ،مولانا محمد رفیق اثری ، مولانا محمد اسحاق بھٹی ، ڈاکٹر معین الدین عقیل ، مولانا عمر فاروق سعیدی ، مولانا محمد ادریس ہاشمی ، مولانا محمد یٰسین شاد ، محمد رمضان یوسف سلفی وغیرہم شامل ہیں ۔
دوسرے حصے میں وہ خطوط درج ہیں جو فاضل مرتب نے مختلف اہلِ علم کے نام روانہ کیے تھے تاہم انہیں ان کے جوابات موصول نہیں ہوئے ۔ ان اہلِ علم میں جاوید احمد غامدی ، مفتی منیب الرحمان ، ڈاکٹر حامد حسن بلگرامی ، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر وغیرہم شامل ہیں ۔
تیسرے حصے میں جن اہلِ علم کے مکاتیب شاملِ کتاب کیے گئے ہیں ان کے حالات درج ہیں ۔ فاضل مرتب نے کتاب کی ترتیب و تالیف میں خاصی جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ جس طرح ہر شخص کی سوانح نہیں لکھی جاتی اسی طرح ہر مکتوب بھی لائقِ اشاعت نہیں ہوتا ۔ متعدد خطوط میں ایک ہی مضمون مختلف پیرایوں میں آیا ہے وہ یہ کہ '' خیرالقرون قرنی '' حدیث کی کسی کتاب میں روایت نہیں کیا گیا ۔ اسی طرح بعض مکاتیب مرتب کی کسی کتاب کی وصولی اطلاع کے طور پر لکھے گئے ہیں ۔ بیشتر مکاتیب مختصر اور ہلکے پھلکے خیالات پر مبنی ہیں ۔ تاہم مولانا محمد اسحاق بھٹی اور رانا محمد شفیق خاں پسروری کے مکاتیب لائقِ مطالعہ اور دلچسپ ہیں ۔
مرتب کی کاوش علمی اعتبار سے گو بہت وزنی اور جاندار نہیں تاہم ان کا جذبہ بلاشبہ لائقِ ستائش ہے ۔

(محمد تنزیل الصدیقی الحسینی )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنی رائے دیجئے